کابینی وزراء کو قطعیت دینے کے سی آر کو دشواری

حیدرآباد۔/31مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے متوقع چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو اپنی کابینہ کو قطعیت دینے میں پارٹی کے مختلف گوشوں سے دباؤ کے سبب دشواریوں کا سامنا ہے۔ کے سی آر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ 2جون کو چیف منسٹر کے علاوہ حلف لینے والے 14 وزراء کے ناموں کو قطعیت دینے کے سلسلہ میں کے سی آر نے قریبی رفقاء اور سابق بیورو کریٹس سے مشاورت مکمل کرلی ہے اور انہوں نے امکانی وزراء کی فہرست کو قطعیت دے دی۔ تاہم انہوں نے اس فہرست کا کسی سے انکشاف نہیں کیا حتیٰ کہ کے سی آر کے انتہائی بااعتماد سمجھے جانے والے قائدین بھی امکانی وزراء کے بارے میں کسی بھی پیش قیاسی کے موقف میں نہیں۔ پارٹی کے ایک سینئر قائد نے کہا کہ گورنر کو امکانی وزراء کی فہرست اتوار کے دن روانہ کی جائے گی، اسوقت تک لمحہ آخر میں بھی کچھ بھی تبدیلی ممکن ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مختلف سینئر قائدین اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین کے دباؤ کے باعث وزراء کی فہرست کی تیاری میں کے سی آر کو اُلجھن کا سامنا ہے لہذا انہوں نے فہرست کو انتہائی رازداری میں رکھا ہے۔

باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کے سی آر تلنگانہ کے 10اضلاع میں سے ہر ضلع سے ایک وزیر کو شامل کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ پسماندہ طبقات، اقلیتوں اور خواتین کو مناسب نمائندگی دی جائے گی۔ چونکہ کے سی آر کا لکی نمبر 6 ہے لہذا 15وزراء کی حلف برداری کا امکان ہے۔ وزارت میں شمولیت کیلئے یقینی سمجھے جارہے ناموں میں ای راجندر، ہریش راؤ، این نرسمہا ریڈی،کے ٹی راما راؤ، پدما دیویندر ریڈی، جوپلی کرشنا راؤ، جلگم وینکٹ راؤ، کونڈہ سریکھا، محمد محمود علی، پدما راؤ، سرینواس ریڈی، کے ایشور اور ڈاکٹر راجیا شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر کے مسئلہ پر چندر شیکھر راؤ نے ابھی تک اپنا ذہن نہیں بنایا ہے اور نہ ہی اس مسئلہ پر کسی سے مشاورت کی۔

ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر کو روانہ کی جانے والی فہرست میں صرف وزراء کی حیثیت سے نام شامل ہوں گے اور قلمدانوں کی تقسیم کے وقت ڈپٹی چیف منسٹر کے تقرر کے سلسلہ میں منظر واضح ہوگا۔ واضح رہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ کی حلف برداری کا کوئی قاعدہ نہیں ہے اور وزیر کی حیثیت سے تقرر کے بعد ہی چیف منسٹر اپنے اختیار سے ڈپٹی چیف منسٹر نامزد کرتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مختلف گوشوں سے اس عہدہ کیلئے زبردست رسہ کشی کو دیکھتے ہوئے کے سی آر نے اس فیصلہ کو راز میں رکھا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر انتخابات سے قبل کئے گئے وعدہ کے مطابق دلت اور مسلمان کو ڈپٹی چیف منسٹر نامزد کرنے کے حق میں ہیں تاہم ڈپٹی چیف منسٹر ایک ہوگا یا اس سے زائد اس کا فیصلہ حلف برداری کے بعد ہی کیا جائے گا۔ چندر شیکھر راؤ اتوار کی شام امکانی وزراء کو اپنی قیامگاہ طلب کرتے ہوئے انہیں کابینہ میں شمولیت کی خوشخبری دیں گے۔ پارٹی کے ایک سینئر رکن اسمبلی نے میڈیا میں امکانی وزراء کے ناموں سے متعلق خبروں کو محض قیاس آرائی قرار دیا ہے۔