ڈی ویلیرس کو تیز رفتار 50‘100اور 150 رنز بنانے کا اعزاز

سڈنی 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )ویسٹ انڈیز کے خلاف سڈنی کرکٹ گراونڈ میں منعقدہ مقابلے میں جنوبی آفریقہ کے کپتان ڈی ویلیرس نے 66 گیندوں میں 162 رنز اسکور کئے اور اپنی ٹیم کو 408/5تک پہنچانے میں کلیدی رول ادا کیا اور اس ریکارڈ ساز اننگز میں انہوں نے کئی کارنامے انجام دیئے ۔ کرکٹ تاریخ میں ڈی ویلیرس کو تیز رفتار 50‘100اور 150 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ آج وہ ونڈے ورلڈ کپکی تیز رفتار سنچری سے دو گیندوں سے پیچھے رہ گئے جیسا کہ آئرلینڈ کے کیوین او برائن نے 2011 ء ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف 50 گیندوں میں سنچری اسکور کی تھی ۔ ڈی ویلیر س جنہوں نے 6 ہفتہ قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف ہی ونڈے کی تیز ترین سنچری اسکور کی تھی اور آج 162 کی اننگز کے دوران انہوں نے تیز رفتار 150 رنز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے ۔ علاوہ ازیں 31 سالہ ڈی ویلیر س نے حریف کپتان جیسن ہولڈر کے ایک اوور میں 34 رنز اسکور کئے جو کہ ونڈے میں ایک اوور میں زیادہ سے زیادہ رنز کا دوسرا بہترین ریکارڈ ہے کیونکہ 2007 ورلڈ کپ میں نیدر لینڈ کے خلاف ہرشل گبس نے ایک اوور میں 6 چھکے لگاتے ہوئے 36 رنز اسکور کئے تھے ۔ڈی ویلیرس نے 100 سے 150 رنز تک رسائی کیلئے صرف 12 گیندوں کا سامنا کیا ۔ ڈی ویلیرس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت جنوبی آفریقہ نے آخری 10 اوورس میں 150 رنز اسکور کئے۔