ڈی ویلیرس کا دھماکہ ‘ویسٹ انڈیز کو 257 رنز کی شکست

سڈنی 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی آفریقہ کے کپتان اے بی ڈی ویلیرس نے 66 گیندوں میں 17 چوکوں اور 8 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں کیرئر کے بہترین اسکور 162 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور 408/5 میں کلیدی رول ادا کیاجبکہ ویسٹ انڈیز ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں 151 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ اس طرح آفریقہ نے یہ مقابلہ 257 رنز سے اپنے نام کرلیا ۔ ویسٹ انڈیز کیلئے جیسن ہولڈر نے 48 گیندوں میں 4 چھکوں اور 3 چوکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 56 رنز اسکور کئے ۔جنوبی آفریقہ کیلئے عمران طاہر نے 45 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ قبل ازیں ٹاس جیت کر جنوبی آفریقہ نے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ہاشم آملہ (65)اور فاف ڈپلوسی (62) نے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کی جس کے بعد روسو نے 39 گیندوں میں 61 رنز اسکور کرتے ہوئے ڈی ویلیرس کے ہمراہ ایک بہترین پارٹنر شپ نبھائی ۔ ویسٹ انڈیز کیلئے راسل نے 74 رنز اور کرس گیل نے 4 اوورس میں 21 رنز دیکر فی کس 2 وکٹیں حاصل کیں۔ گیل نے ایک ہی اوور میں ڈپلوسی اور آملہ کو آؤٹ کیا ۔ ڈی ویلیرس نے اپنی بے رحم بیٹنگ کے دوران حریف کپتان جے سن ہولڈ ر کی جانب سے ڈالے گئے آخری دو اوورس میں بالترتیب 34 اور 30 رنز اسکور کئے ۔