ڈی ویلئرس کا احترام لیکن وہ نشانہ پر:کوہلی

 

کیپ ٹاؤن۔31ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل وارم اپ میچ نہ کھیلنے کا فیصلے کا دفاع کیا ہے۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کیپ ٹاؤن میں ہے جہاں پر اس نے ویسٹرن پرووینس کرکٹ کلب میں ہفتے کو دو سیشنس کے دوران سخت ٹریننگ کی۔ جس کے بعد کوہلی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ جس وکٹ پر ہم لوگوں نے پریکٹس کی ہے یہ اس پچ کا 15 فیصد بھی نہیں جس پر ہمیں پہلا ٹسٹ کھیلنا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ دو روزہ وارم اپ میچ کھیلنے کا کوئی فائدہ نہیں جہاں پر ہمارے کھلاڑی جائیں اور تیزی سے نصف سنچریاں اسکور کریں اس کے بجائے ہم خود کو ایک ٹسٹ زون میں رکھتے ہوئے ٹریننگ کررہے ہیں، اس کے ساتھ ہمیں اپنی من پسند وکٹ تیار کروانے کی سہولت بھی میسر ہے۔ کوہلی نے مزیدکہا کہ اگرکوئی دوروزہ میچ کھیل رہے ہیں تو دن کے مختلف اوقات میں وکٹ کو تبدیل نہیں کرسکتے تاہم ہمیں پوری آزادی ہے کہ ہم پچ پر پانی کا چھڑکاؤ کرئیں، اس پر رولر پھروائیں، ہم نے ایسا ہی کیا ہے، کلب کا پریکٹس سیشن ایسے حالات میں ہوگا جوکہ ہم چاہتے ہیں، ان تیاریوں کا ہمیں ٹسٹ میں فائدہ ہوگا۔واضح رہے کہ ویرات کوہلی کی میزبان بیٹسمین ابراہم ڈی ویلیئرز کے ساتھ گہری دوستی ہے جن کیساتھ وہ رائل چیلنجرز بنگلور میں کھیلتے ہیں، اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ میری ڈی ویلیئرز سے دوستی ہے اور جس انداز میں وہ کھیلتے ہیں میں اس کا احترام کرتا ہوں لیکن میدان میں اترنے کے بعد ہم اسی طرح ڈی ویلیئرز کو فوری طور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے جیسا کہ میزبان مجھے، چتیشور پجارا یا پھر اجنکیا راہنے کو آؤٹ کرنا چاہئیں گے۔
مورس بھی افریقی ٹیم میں شامل
کیپ ٹاؤن۔31ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقی آل راؤنڈر کرس مورس کو ہندوستان کیخلاف پانچ جنوری کوشروع ہونے والے پہلے ٹسٹ کیلئے میزبان ٹیم میں شامل کرلیا گیا وہ عضلات میں جکڑن سے صحتیابی کے بعد پندرہ رکنی اسکواڈ میں فاسٹ بولر ڈوانے اولیور کی جگہ لیں گے۔منتخب ٹیم دو جنوری کو کیپ ٹاؤن میں جمع ہوگی جہاں تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کیلئے تیاریوں کا آغاز کیا جائے گا۔ زخمی کوئنٹن ڈی کاک اگر فٹ نہ ہو سکے تو ابراہام ڈی ویلیئرز کو گلووز تھمائے جائیں گے کیونکہ ٹیم میں کوئی متبادل ماہر وکٹ کیپر شامل نہیں ہے۔