ڈی ایم ڈی کے ارکان اسمبلی کے خلاف پیشگی کارروائی

چینائی ۔ 31 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اپوزیشن کے واک آوٹ کے دوران آج ڈی ایم ڈی کے 6 ارکان اسمبلی کو ٹاملناڈو اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں 10 دن کے لیے معطل کردیا گیا ۔ جب کہ گذشتہ ماہ ایوان میں نظم و ضبط سے عاری طرز عمل اختیار کرنے پر انہیں تنخواہ اور بھتوں سے محروم کردیا گیا ۔ اس خصوص میں مراعات کمیٹی کی سفارشات پر ایک قرار داد منظور کرلی گئی ۔ جس نے ایوان میں 19 فروری کو پیش آئے واقعہ کی تحقیقات کی تھی اس واقعہ میں ڈی ایم ڈی کے ارکان اسمبلی نے سابق چیف منسٹر جیہ للیتا کے خلاف بعض ریمارکس پر حکمران انا ڈی ایم کے ارکان کے ساتھ دھینگا مشتی کے بعد ایوان کے وسط میں پہنچ کر اسپیکر کے پوڈیم کو نقصان پہنچایا تھا ۔ گو کہ دیگر جماعتوں بشمول ڈی ایم کے اور لیفٹ نے مذکورہ 6 ارکان اسمبلی کے خلاف مراعات کمیٹی کی سفارشات کی مخالفت کی اور بتایا کہ یہ ارکان اسمبلی پہلے ہی سے جاریہ اسمبلی اجلاس تک معطل ہیں ۔ ان کے خلاف مزید تادیبی کارروائی مناسب نہیں ہے ۔ اس کے باوجود قائد ایوان اور وزیر برقی ناتھم اور وشواناتھن نے ایک قرار داد پیش کی ۔ جسے انا ڈی ایم کے کی تائید سے منظور کرلیا گیا ۔ اس قرار داد کے خلاف اپوزیشن نے واک آوٹ کردیا ۔ بعد ازاں اسپیکر پی دھنپال نے بتایا کہ ڈی ایم ڈی کے 6 ارکان اسمبلی کو آئندہ اجلاس میں 10 یوم کے لیے معطل کیا جارہا ہے اور یہ ارکان اسمبلی ایام معطلی کے دوران تنخواہ اور دیگر بھتوں سے محروم رہیں گے ۔ واضح رہے کہ اسپیکر کے پوڈیم کو نقصان پہنچانے اور مارشلس پر حملہ کے بعد ڈی ایم کے ڈی ارکان کو 19 مارچ کے دن باقیماندہ اجلاس سے معطل کردیا گیا تھا اور مارشلس کے ذریعہ زبردستی ان کا تخلیہ کروایا گیا تھا ۔۔
ارون جیٹلی کو زیڈ پلس سکیوریٹی
نئی دہلی 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کو انتہائی اعلیٰ سطح کی زیڈ پلس زمرہ کی سکیوریٹی فراہم کی گئی ہے۔ اُن کی حفاظت پر نیم فوجی فورس کے کمانڈوز تعینات کئے جائیں گے جنھیں سی آئی ایس ایف سے منتخب کیا جائے گا۔ جیٹلی کی سکیوریٹی میں اضافہ کا یہ فیصلہ مرکزی وزارت داخلہ نے حال ہی میں انتہائی اہم شخصیات کو لاحق خطرات کا تخمینہ کرنے کے بعد کیا ہے۔ گجرات کی نمائندگی کرنے والے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ جیٹلی کو ایک پائیلٹ کار اور حفاظتی کار فراہم کی جائے گی۔