ڈینگو و دیگر وبائی امراض کی روک تھام کیلئے عہدیداروں کو ہدایت

جنگی خطوط پر اقدامات کئے جائیں۔ وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد ۔ 31اکٹوبر ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے ڈینگو اور دیگر وبائی امراض کی روک تھام کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا ۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ضلع کھمم کو حیدرآباد سے ڈاکٹرس کی ٹیم روانہ کرنے اور تشویشناک حالت سے دوچار مریضوں کو علاج کیلئے حیدرآباد منتقل کرنے کی ہدایت دی ۔ ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر سی لکشما ریڈی نے آج اپنے چیمبر سکریٹریٹ میں محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں محکمہ صحت کے پرنسپال سکریٹری ریاجیشور تیواری ‘ سپرنٹنڈنٹ فیور ہاسپٹل ڈاکٹر شنکر کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ ریاستی وزیر صحت نے تلنگانہ کے تمام اضلاع اور شہروں میں ڈینگو بخار اور دوسری وبائی امراض کا جائزہ لیا ۔ اس کے کنٹرول کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر رپورٹ طلب کی ۔ ضلع کھمم کے مواضعات بوناکل ‘راوی نوتنال‘ گویند پورم کے تمام مکانات کے ہر فرد کا میڈیکل چیک اپ کے ساتھ ٹسٹ کرانے کی ہدایت دی ۔ ان مواضعات کو حیدرآباد سے ماہرین ڈاکٹرس اور دوسرے عملے پر مشتمل ٹیمیں روانہ کرنے کی ہدایت دی ۔ وبائی امراض کے شکار عوام کو ضلع کھمم کے ہیڈ کوارٹر منتقل کرنے ‘ حالت نازک ہونے کی صورت میں انہیں حیدرآباد منتقل کرنے کا بھی مشورہ دیا ۔ مختلف مواضعات میں سیل کاؤنٹ مشین روانہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ متاثرہ مواضعات میں صفائی کے خصوصی اقدامات کرنے ہفتہ میں دو مرتبہ گھروں میں اسپرے کرنے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ۔ حیدرآباد کے علاوہ مختلف اضلاع سے بھی متاثرہ مقامات کو ڈاکٹرس کی ٹیم روانہ کرنے پر گاؤں میں ایک 108 سرویس کے ساتھ ساتھ 104 کی 3گاڑیاں ہمیشہ تیار رکھنے کا مشورہ دیا ۔ مرض کے پھیلنے سے روکنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے اور احتیاطی اقدامات کرنے کیلئے ضلع کلکٹر کھمم سے مذاکرات کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ۔ محکمہ پنچایت راج اور پینے کا پانی سربراہ کرنے والے محکمہ کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے وبائی امراض سے متاثرہ مواضعات میں صاف ستھرا پانی سربراہ کرنے اور گاؤں میں صفائی پر خصوصی توجہ دینے عوام میں شعور بیداری کیلئے کیمپس کا اہتمام کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔