ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے ناواقف سینئر شہریوں کو مشکلات

نئی دہلی۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)وزیر اعظم مودی جہاں ملک کو ‘ڈیجیٹل انڈیا’ کی راہ پر لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہیں اس کی معلومات نہ ہونے کی وجہ سے ملک کے سینئرشہری روز بروز حاشیے پر جا رہے ہیں۔ قومی دارالحکومت خطہ میں اگست اور ستمبر میں 5000 سینئر شہریوں کے درمیان کئے گئے سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان میں سے تقریبا 85.8 فیصد جدید ڈیجیٹل نظام سے لاعلم ہیں۔ ان میں سے 76.5 فیصد مرد اور 95 فیصد خواتین ہیں۔ بزرگوں کے درمیان کام کرنے والی تنظیم

ایجویل فاؤنڈیشن کی جانب سے کئے گئے سروے کے دوران ان حقائق کا پتہ چلا۔
74.9 فیصد سینئر شہریوں کا کہنا تھا کہ کمپیوٹر اور ڈیجیٹل وسائل کی خواندگی کے فقدان میں ان کی زندگی متاثر ہوئی ہے ۔ ان کا اپنے خاندان کے نوجوانوں کے ساتھ رابطہ تقریبا ختم ہوچکا ہے کیونکہ وہ ڈیجیٹل زبان کو نہیں سمجھ سکتے ہیں۔سروے میں 51 فیصد سینئر شہریوں نے کہا کہ وہ نئی ٹیکنالوجی کو سیکھنا تو چاہتے ہیں، لیکن قومی دارالحکومت کے علاقے میں شاید ہی ایسے سہولت مراکز دستیاب ہیں، جہاں وہ کمپیوٹر اپلیکیشن سیکھ سکیں اور ڈیجیٹل آلات کے استعمال کی تربیت لے سکیں۔ صرف 4.5%سینئر شہریوں نے یہ قبول کیا کہ وہ ایسی جگہ کے بارے میں جانتے ہیں جہاں وہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی تربیت لے سکتے ہیں۔