ڈکیتی کی جھوٹ شکایت درج کرانے والا لاری ڈرائیور گرفتار

حیدرآباد ۔ 7 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد رورل پولیس نے ڈکیتی کی جھوٹی شکایت درج کروانے والے لاری ڈرائیور کو گرفتار کر کے ریمانڈ کے لیے بھیج دیا ۔ تفصیلات کے بموجب وی لنگا سوامی 29 سالہ ساکن نلگنڈہ پیشہ لاری ڈرائیور نے شمس آباد رورل پولیس میں کل رات پہنچ کر ڈکیتی کی جھوٹی شکایت درج کروائی تھی ۔ آج صبح لاری مالک داسری سوامی نے شمس آباد رورل پولیس اسٹیشن پہنچ کر لاری ڈرائیور پر شک کرتے ہوئے شکایت کی تھی

جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لنگا سوامی کو حراست میں لے کر تفتیش کرنے پر اس نے اقبال جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ منگوڑ سے ظہیر آباد جارہا تھا ۔ اس کے پاس تین لاکھ آٹھ ہزار روپئے تھے جو اسے منگوڑ میں چائے کی پتی خالی کرنے پر ملی ۔ اسے شمس آباد کے موضع شاہ پور کے قریب آنے کے بعد لالچ ہوا اور اس نے خود لاری کے آئینہ توڑتے ہوئے خود پر زخم کے نشان بنائے ۔ پھر پولیس میں شکایت درج کروائی کہ چند افراد کار میں آئے اور اسے روک کر رقم چھین کر فرار ہوگئے ۔ پولیس نے اسے گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے تین لاکھ آٹھ ہزار روپئے ضبط کرلیے ۔۔