ڈپٹی چیف منسٹر گوا دھولکر کابینہ سے معطل

پنجی، 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گوا کے وزیر اعلی پرمود ساونت نے چہارشنبہ کے روز نائب وزیر اعلی سدن دھولکر کو کابینہ سے ہٹا دیا ہے۔ دھولکر مھاراشٹروادي گومانتک پارٹی ( ایم جی پی) کے لیڈر ہیں اور انہیں منوہر پاریکر کی موت کے بعد 19 مارچ کو تشکیل شدہ ساونت کابینہ میں نائب وزیر اعلی بنایا گیا تھا۔ ایم جی پی کے اسمبلی میں کل تین ممبران اسمبلی تھے ۔ منگل کی شب کو ہونے والے سیاسی ڈرامہ میں پارٹی کے دو رکن اسمبلی پارٹی سے الگ ہوکر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو گئے ۔ دونوں ممبران اسمبلی کے بی جے پی میں شامل ہونے سے اسمبلی میں پارٹی کے ارکان کی تعداد بڑھ کر 14 ہو گئی۔
گورنر مردلا سنہا نے وزیر اعلی کی سفارش کو قبول کرتے ہوئے مسٹر دھولکر کو کابینہ سے ہٹا دیا۔ کابینہ سے ہٹائے جانے کے بعد مسٹر دھولکر نے صحافیوں کو بتایا کہ ریاست کے عوام آگے کا فیصلہ کریں گے کیونکہ’چوکیدار’ نے ایم جی پی میں ڈکیتی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ “رات میں چوکیدار نے ایم جی پی میں ڈکیتی ڈالی، ا س سے گوا کے عوام کو دھکا لگا ہے ۔ گوا کے لوگ سب دیکھ رہے ہیں اور آگے کیا ہوگا وہی طے کریں گے ۔ ایم جی پی سے الگ ہو نے والے دو ممبران اسمبلی منوہر اجگاونکر اور دیپک پوسکر کے ساونت کابینہ میں آج شام شامل ہونے کا امکان ہے ۔ اس سیاسی الٹ پھیر کا ریاست میں ہونے والے ضمنی انتخابات اور عام انتخابات میں اثر پڑ سکتا ہے ۔