ڈپٹی جیلر چنچلگوڑہ جیل کے خلاف ملزمین کی شکایت

ترومل ریڈی نے جان سے مارنے کی دھمکی دی ‘ شکایت کنندگان
حیدرآباد /31 مارچ ( سیاست نیوز ) حیدرآباد جڑواں بم دھماکہ کیس میں گرفتار کئے گئے ملزمین نے آج نامپلی کریمنل کورٹ کے دوسرے میٹرو پولیٹن سیشن جج اجلاس پر ایک شکایت درج کروائی جس میں چنچل گوڑہ جیل کے ڈپٹی جیلر مسٹر ترومل ریڈی کے خلاف الزامات عائد کئے گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ 25 اگست سال 2007 میں ہوئے لمبنی پارک اور گوکل چاٹ بم دھماکے میں گرفتار ملزمین عنیق شفیق سید ، اکبر چودھری ، صادق شیخ اور فاروق ترکش نے ایک تحریری شکایت داخل کی جس میں بتایا گیا کہ وہ گذشتہ 8 سال سے جیل میں محروس ہے اور کیس کی سماعت کے سلسلے کے پیش نظر انہیں چنچل گوڑہ جیل میں محروس رکھا گیا ہے ۔ شکایت میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ جیل کے ڈپٹی جیلر مسٹر ترومل ریڈی ملزمین کو ہراساں کرتے ہوئے جان سے مارنے کی دھمکی دے رہے ہیں ۔ ملزمین عدالت سے یہ درخواست کی ہے کہ وہ جیل حکام کی جانب سے مبینہ طور پر دھمکیوں کے پیش نظر ان کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کرے اور متعلقہ عہدیداروں اور ہدایت جاری کرے ۔ تاہم چنچل گوڑہ جیل حکام نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ۔