ڈرون حملے کے پاکستانی الزام کو امریکہ نے مسترد کردیا

اسلام آباد 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے زیر انتظام علاقے (فاٹا) میں امریکی ڈرون حملے کے پاکستانی الزام کو امریکی سفارتخانے نے مسترد کردیا ہے تاہم اس بات کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی کہ آیا فاٹا کی ایجنسی کرم میں حملہ امریکی فوج کی جانب سے کیا گیاتھا۔یہاں امریکی سفارتخانے کے ترجمان رک سنالسین نے ایک طرف جہاں پاکستان کے الزامات کو مسترد کردیا وہیں پاکستانی دفترِ خارجہ کے ترجمان نے آج امریکی سفارتخانے کے بیان پر اپنے ردِ عمل میں ہوئے کہاہے کہ پاکستان اپنے ابتدائی موقف پر ہی قائم ہے کہ ڈرون حملہ کرم ایجنسی میں افغان مہاجر کیمپ پر کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ کل فغانستان میں امریکی اتحاد ریزولوٹ سپورٹ مشن (آر ایس ایم) کی طرف سے فاٹا کی کرم ایجنسی میں ڈرون حملے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس کارروائی میں مبینہ طور پر حقانی نیٹ ورک کے کمانڈر سمیت دو لوگ مارے گئے ۔پاکستان نے اس مبینہ ڈرون حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں سے امریکہ اور پاکستان کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جاری تعاون کو جھٹکا لگے گا۔