ڈرائیور کے کیبن سے شراب برآمد، چار ریلوے ملازم گرفتار

پٹنہ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) بہارمیں شراب اسمگلنگ کے خلاف مہم کے تحت مشرقی وسطی ریلوے کے داناپور اسٹیشن پر کھڑی گاڑی نمبر 19411احمد آباد۔پٹنہ، ایکسپریس کے ڈرائیور کے کیبن سے ریلوے پولیس نے انگریزی شراب برآمد کی ہے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ (ریلوے ) اشوک کمار سنگھ نے آج یہاں بتایا کہ اطلاع کی بنیاد پر ڈرائیور کے کیبن سے بڑی تعداد میں شراب ضبط کی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں ریلوے ملازمین منجیت کمار سنگھ (وڈوڈرہ ڈویزن کا گارڈ)، نوشاد علی (جبلپور ریلوے ڈویزن میں محکمہ بجلی میں ملازم)، محمد شمس الدین (ٹرین کا لوکو پائلٹ) اور سنتوش چوبے (اسسٹنٹ لوکو پائلٹ) کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ برآمد شراب میں 750ایم ایل کی 16 بوتلیں، 375ایم الے کی چھ بوتلیں انگریزی شراب کے علاوہ 280ٹریٹا پیک (180ایم ایل)شامل ہیں۔مسٹر سنگھ نے کہاکہ اس سلسلہ میں دانا پور ریلوے تھانہ میں ایک ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے ۔ گرفتار کئے گئے ریلوے ملازمین سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے تاکہ معاملہ کا انکشاف کیا جاسکے ۔