ڈاکٹر کے نارائنا حلقہ لوک سبھا کھمم سے سی پی آئی امیدوار متوقع

آج قطعی فیصلہ کا امکان، سی پی آئی پارٹی کا غوروخوض

حیدرآباد ۔ 31 مارچ (سیاست نیوز) سی پی آئی اپنے سینئر قائد ڈاکٹر کے نارائنا کو حلقہ لوک سبھا کھمم سے پارٹی امیدوار بنانے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ یکم ؍ اپریل کو قطعی فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔ کانگریس اور سی پی آئی کے درمیان سیاسی اتحاد پر تقریباً اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ صرف تین اسمبلی حلقوں پر جہاں کانگریس کے ارکان اسمبلی موجود ہیںوہ سی پی آئی کو چھوڑنے کیلئے کانگریس تیار نہیں ہے۔ ابتداء میں سی پی آئی، 3 لوک سبھا حلقے نلگنڈہ، بھونگیر اور کھمم سی پی آئی کو دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ نلگنڈہ اور بھونگیر حلقوں پر کانگریس کے ارکان موجود ہیں۔ کانگریس نے حلقہ لوک سبھا کھمم سی پی آئی کو چھوڑنے کیلئے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ سی پی آئی حلقہ کھمم سے سابق سی پی آئی اسٹیٹ سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا کو امیدوار بنانے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ واضح رہیکہ ڈاکٹر کے نارائنا کا علاقہ رائلسیما سے تعلق ہے۔ تاہم انہوں نے تلنگانہ کی بھرپور تائید کی ہے۔ تلنگانہ تحریک میں حصہ لیا۔ دہلی میں منعقدہ کل جماعتی اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے تلنگانہ کی بھرپور تائید کی تھی۔ کھمم ایسا حلقہ ہے جہاں تلنگانہ کا اثر کم ہے۔ پارلیمنٹ کی دونوں ایوانوں میں تلنگانہ کا بل منظور ہونے کے بعد وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور تلگودیشم دونوں جماعتوں نے اپنا اپنا پہلا جلسہ عام کھمم میں منعقد کیا تھا۔ سی پی آئی نے تمام سیاسی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ڈاکٹر کے نارائنا کوحلقہ لوک سبھا کھمم سے امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کل یعنی یکم اپریل کو سی پی آئی الیکشن کمیٹی کا کھمم میں اجلاس منعقد ہوگا، جس میں انہیں امیدوار بنانے کے معاملے میں قطعی فیصلہ کرنے کا امکان ہے۔