ڈاکٹر لکشمن کا برت زبردستی ختم ، نمس کو منتقلی

انٹرمیڈیٹ نتائج میں دھاندلیوں پر وزیر تعلیم سے استعفیٰ کیلئے بی جے پی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔29اپریل ( سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی یونٹ کے صدر کے لکشمن کو پولیس نے آج ان کی پارٹی کے صدر دفتر سے گرفتار کرتے ہوئے نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس ( نمس ) کو منتقل کردیا ۔ ڈاکٹر لکشمن نے ریاستی حکومت پر انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ہونے والی فاش غلطیوں اور نتائج میں بے قاعدگیوں کے سبب کئی طلبہ کی خودکشیوں کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے آج صبح غیر معینہ مدت کے برت کا آغاز کیا تھا ۔ ڈی سی پی ( کرائمس) اویناش موہنتی کی نگرانی میں پولیس اہلکاروں نے نامپلی میں واقع بی جے پی کے ریاستی ہیڈ کوارٹرس میں داخل ہوتے ہوئے بی جے پی کو عملاً اٹھالیا اور نمس منتقل کردیا جس کے نتیجہ میں اس علاقہ میں معمولی کشیدگی پھیل گئی تھی ۔ ڈاکٹر لکشمن نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے نتائج میں دھاندلیوں کی عدالتی تحقیقات ، وزیر تعلیم کے استعفیٰ اور خودکشی کرنے والے طلبہ کے خاندانوں کو معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ۔