ڈاکٹر حبیب ضیاء کا جلسہ تہنیت اور کتاب کی رسم اجراء

حیدرآباد ۔ 30 نومبر (راست) اردو کی استاد اور کئی کتابوںکی مصنفہ ڈاکٹر حبیب ضیاء کی 50 سال سے زائد عرصہ پر محیط ادبی خدمات کے ضمن میں ان کے احباب اور مختلف اداروں کی جانب سے تہنیت پیش کی جائے گی۔ 2 ڈسمبر چہارشنبہ کو 4 بجے شام اردو ہال حمایت نگر میں منعقد ہونے والے جلسہ کی صدارت ڈاکٹر مصطفی کمال ایڈیٹر شگوفہ کریں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر حبیب ضیاء کے تازہ اور چوتھے طنزیہ مزاحیہ مضامین کے مجموعے مجھے کچھ کہنا ہے کی رسم اجراء ڈاکٹر اشرف رفیع سابق پروفیسر (صدر شعبہ اردو جامعہ عثمانیہ) کے ہاتھوں انجام پائے گی۔ مہمانان خصوصی نامور قلمکار محترمہ نسیمہ تراب الحسن، جناب عبدالرحیم خاں، معتمد عمومی انجمن ترقی اردو آندھرا و تلنگانہ اسٹیٹ اور ڈاکٹر آمنہ تحسین اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو تعلیم نسواں (مانو) مصنفہ کی ادبی خدمات پر اظہارخیال کریں گے۔ تنقید، تحقیق، طنز و مزاح اور دیگر موضوعات پر ڈاکٹر حبیب ضیاء کی 12 کتابیں شائع ہوکر مقبول عام ہوچکی ہیں۔ ان کی زیرنگرانی 10 ریسرچ اسکالرس نے ایم فل اور پی ایچ ڈی کیلئے مقالے لکھ کر جامعہ عثمانیہ سے اسناد حاصل کیں۔ مختلف جامعات کے تین طالب علموں نے ایم فل اور پی ایچ ڈی کی تکمیل کیلئے ڈاکٹر صاحبہ کے فن اور شخصیت پر مقالے قلمبند کئے۔ ناظم جلسہ محترمہ تسنیم جوہر نے ادب دوست خواتین اور حضرات سے بہ پابندی وقت شرکت کی درخواست کی ہے۔