ڈائننگ ٹیبل کیسے سجائیں؟

کھانے کی میز میں جاذبیت اور اسٹائیل پیدا کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہیکہ آپ خوبصورت ڈیزائن میں میز پوش خرید کر اسے اپنی کھانے کی میز کی زینت بنائیں۔ بازار میں کھانے کی میز کے لئے تیار شدہ میز پوش بھی ملتے ہیں جنہیں آپ خرید کر استعمال میں لاسکتے ہیں لیکن سب سے اہم کام ڈائننگ ٹیبل پر برتن اور دیگر سامان سلیقے سے ترتیب دینا ہے۔ مارکٹ میں مختلف ڈیزائن اور رنگ کے خوبصورت ٹیبل میٹس بھی دستیاب ہیں۔

کھانا لگانا اور برتنوں کو درست انداز میں ترتیب دینا آپ کے ذوق اور سلیقے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اکثر اوقات دعوت وغیرہ کے موقع پر مختلف ڈشز تیار کی جاتی ہیں۔ بہت سی خواتین دعوت کے برتن ٹیبل یا دسترخوان پر مناسب انداز سے ترتیب نہیں دے پاتیں جس کی وجہ سے چنے ہوئے برتن بے ڈھنگے طریقے سے رکھے دکھائی دیتے ہیں۔

روزمرہ کی سادہ ٹیبل : روزمرہ کھانے کے برتن سیٹ کرنے کا طریقہ یہ ہیکہ دسترخوان یا میز پر پڑی ڈنر پلیٹ رکھی جائے۔ اس کے دائیں جانب کھانے کا چمچ اور پیزا وغیرہ کاٹنے کیلئے چاقو، چھری رکھیں۔ پلیٹ کے بائیں طرف کانٹا رکھیں جبکہ نیپکن کو پلیٹ کے درمیان یا بائیں جانب بھی رکھا جاسکتا ہے۔ اوپری بائیں جانب سلاد کیلئے چھوٹی پلیٹ رکھیں۔ اگر چاہیں تو اس کی بجائے گہرے پیالے بھی رکھ سکتی ہیں جس میں پسند کے مطابق سلاد، رائتہ یا شوربے والا سالن ڈالا جاسکے۔

دعوت کیلئے ڈنر ٹیبل : سادہ ٹیبل کی سیٹنگ کے پیش نظر ہی دعوتوں جیسے خصوصی مواقع کیلئے بھی خصوصی ٹیبل یا دسترخوان سیٹنگ کی جاسکتی ہے۔ سب سے پہلے میز کیلئے وسیع ڈنرشیٹ بچھائیں۔ خوبصورت میز پوش یا ڈنرمیٹس کا انتخاب کریں۔ اگر دسترخوان لگا رہی ہیں تو افراد کی تعداد کے مطابق میٹس سیٹ کریں۔ ہر میٹ کے سامنے بیٹھنے کیلئے آرام دہ فلور کشن لگائیں۔ اب ہر مہمان کیلئے میٹ پر برتن ترتیب دیں۔ اوپری دائیں جانب پانی اور مشروب کے الگ الگ گلاس رکھیں۔ درمیان میں ڈنر پلیٹ اور اس کے اوپر سلاد کی چھوٹی پلیٹ رکھیں۔ پلیٹ کے برابر سیدھے ہاتھ پر ڈنر کیلئے چھری (بڑے سائز اور کٹاؤ داردندا نے والا نائف) کھانے کا چمچ اور اس کے برابر میں سوپ کا چمچ (گول گہرائی والا چمچ) رکھ دیں۔ پلیٹ کے برابر بائیں جانب ڈنر کا فورک یعنی بڑا کانٹا اور سلاد کیلئے چھوٹا کانٹا رکھیں۔ پلیٹ کی سیدھ میں اوپر کی جانب میٹھا کھانے کیلئے چمچ (چھوٹے سائز) کا اور اگر میٹھے میں فروٹس وغیرہ شامل ہیں تو میٹھے کیلئے بھی علحدہ کانٹا ایک برابر میں رکھ دیں۔ انتہائی بائیں اوپری جانب میٹھا کھانے کی چھوٹی پلیٹ یا پیالی میں رکھ دیں۔ دسترخوان یا ٹیبل کے درمیان میں کھانے کی ڈشز چن دیں۔ میز کے وسط میں خوبصورت پھولوں کا گلدان اور رات کے کھانے پر شمع دان ضرور رکھیں۔