چین کو پڑوسیوں سے تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت: صدر چین

بیجنگ۔ 30؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ چین نے اپنی علاقائی سالمیت اور بحری حقوق کو سرفراز رکھتے ہوئے ساتھ ہی ساتھ تنازعات سے نمٹنے کے لئے اپنی سفارت کاری میں شدت پیدا کرنے اور پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر چین ژی جن پنگ نے کہا کہ چین کو پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر بنانے چاہئیں، تاہم اس مقصد کے حصول کے لئے ہم اپنی خود مختاری اور بحری حقوق کا سودا نہیں کرسکتے۔ انھوں نے پرزور انداز میں کہا کہ ہمیں پڑوسیوں کے ساتھ سفارت کاری کو فروغ دینا چاہئے تاکہ تمام تنازعات دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں حل کئے جاسکیں۔ ژی چین کے طاقتور ترین قائد ہیں جو کمیونسٹ پارٹی، فوج اور ملک تینوں کے سربراہ ہیں۔