چین نے جاسوسی کے الزام میں دو جاپانی شہریوں کو گرفتار کرلیا

ٹوکیو 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جاپانی میڈیا میں گشت کرتی ہوئی خبروں کے مطابق چین نے دو جاپانی شہریوں کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے جن میں سے ایک جاسوس کو ساحلی صوبہ زیجیانگ کی ایک فوجی تنصیب کے قریب گرفتار کیا گیا تھا اور دوسرا جاسوس شمالی کوریا کی سرحد کے قریب گرفتار کیا گیا تھا۔ جاپان کے تمام اہم اخبارات اور ٹیلی ویژن چیانلس پر اُن کی گرفتاری کو نمایاں خبر کی حیثیت سے پیش کیا گیا جس کے لئے میڈیا نے کچھ ایسے نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیا جو جاپان اور چین کے اُمور سے بہت اچھی طرح واقف ہے۔ اس بارے میں حکومت جاپان کے اعلیٰ سطحی عہدیداروں نے بھی کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ دریں اثناء حکومت کے اعلیٰ سطحی ترجمان یوشیہدے سوگا نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ جاپان بیرون ملک میں مصائب کا شکار اپنے شہریوں کو بچانے کی پوری کوشش کرتا ہے تاہم کچھ مخصوص معاملات ایسے ہوتے ہیں جن کے بارے میں جاپان کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتا۔ 2010 ء میں بھی جاپان کی ایک تعمیراتی کمپنی کے چار ملازمین پر چین کے ایک فوجی ٹھکانے کی فلمبندی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اُنھیں گرفتار کیا گیا تھا تاہم کچھ ہفتوں بعد اُنھیں رہا کردیا گیا تھا۔