چین میں اوسط شدت کا زلزلہ

بیجنگ ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اوسط شدت کا ایک زلزلہ کا جھٹکہ جس کی شدت ریختر پیمانہ پر 5.1 ریکارڈ کی گئی جنوب مغربی چین کے صوبہ یونان میں محسوس کیا گیا۔ فوری طور پر کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ زلزلہ کا مبدا داکیانبا میں 10 کیلو میٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔ چینی زلزلہ نیٹ ورکس مرکز نے اس کی اطلاع دی۔ صوبہ یونان کے زلزلہ انتظامیہ عہدیدار متحرک ہوگئے اور ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنے کی تیاری کرلی۔ اس ٹیم کے 20 ارکان بدترین متاثرہ علاقہ میں سرگرم ہیں۔ یونان کا پہاڑی علاقہ زلزلہ کے اعتبار سے مخدوش خطہ میں واقع ہے۔ جاریہ ہفتہ 7.5 شدت کے زلزلہ سے افغانستان، پاکستان، ہندوستان اور شمال مغربی چین کے صوبہ ژنجیانگ ایغور خود اختیار علاقہ کے کچھ حصے دہل کر رہ گئے تھے۔ 3 اگست 2014ء کو 6.5 شدت کا ایک زلزلہ لوڈیان کاونٹی میں آیا تھا جس میں 600 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ آج کے زلزلہ سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔