چینی نائب صدر وانگ قشان کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل

پراجکٹس کی تکمیل میں تیزی، کئی معاہدوں پر دستخط، ’’نشان پاکستان‘‘ ایوارڈ، صدر پاکستان ۔ نائب صدرچین کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چین کے نائب صدر وانگ قشان جو پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورہ پر پہنچے ہیں، نے صدر پاکستان عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جہاں دونوں ممالک کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ 60 بلین ڈالرس مصارف والے سی پی ای سی پراجکٹس کی تکمیل میں تیزی پیدا کی جائے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔ اس موقع پر صدر پاکستان عارف علوی نے پاکستان کا اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ ’’نشان پاکستان‘‘ بھی 70 سالہ قائد کو تفویض کیا۔ مسٹر وانگ چین کی حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (CPC) کی پولیٹ بیورو اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔ قبل ازیں مسٹر وانگ کا ایرپورٹ پر پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر اعلیٰ سطحی عہدیداروں نے استقبال کیا۔ عمران خان اور وانگ کے درمیان وفد سطح کی بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کیلئے یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئے جن میں معاشی اور تکنیکی امور، ڈیساسٹر مینجمنٹ اور پاکستان کی لسبیلا یونیورسٹی میں زراعت کے شعبہ میں باہمی تعاون خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ یادداشت مفاہمت پر دستخط کے وقت وزیراعظم عمران خان اور چینی نائب صدر بہ نفس نفیس موجود تھے۔ علاوہ ازیں دونوں قائدین نے توانائی، ٹیکنالوجی اور تعلیمی شعبوں میں بھی سی پی ای سی کے تحت جاری چار اہم پراجکٹس کی تختیوں کی اجرائی بھی کی۔ یونیورسٹی آف پنجاب میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کا افتتاح بھی مسٹر خان اور مسٹر وانگ کے ذریعہ عمل میں آیا۔ مسٹر وانگ نے سی پی ای سی سے متعلق ایک خصوصی سمینار میں بھی شرکت کی۔ اسلام آباد میں پاکستانی قیادت سے ملاقات کے بعد مسٹر وانگ لاہور جائیں گے۔ واضح رہیکہ پاکستان اور چین کے قائدین کی ملاقات کو انتہائی اہم تصور کیا جارہا ہے کیونکہ چین ۔ پاکستان کو اپنے ’’ہر موسم کا دوست‘‘ تصور کرتا ہے۔ عمران خان نے بھی گذشتہ سال نومبر میں چین کا دورہ کیا تھا اور جاریہ سال اپریل میں بیلٹ اینڈ روڈ کے دوسرے فورم میں بھی شرکت کی تھی جس کا انعقاد چینی دارالحکومت بیجنگ میں کیا گیا تھا۔ گذشتہ ہفتہ ہی چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے بیجنگ میں کہا تھا کہ نائب صدر وانگ کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ اور استحکام حاصل ہوگا۔ دورخی تعلقات کے علاوہ سی پی ای سی پراجکٹس کی تکمیل میں بھی تیزی پیدا ہوگی۔ چین اور پاکستان کے ذریعہ بلوچستان کی گوادر بندرگاہ کو چین کے ژنجیانگ صوبہ سے جوڑا گیا ہے جو بیلٹ اینڈ روڈس انیشیٹو کا بھی فلیگ شپ پراجکٹ ہے۔ مسٹر وانگ قشان پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد جرمنی اور نیدرلینڈرس روانہ ہوں گے۔