چینی دراندازی ناقابل قبول : کرن رجیجو

نئی دہلی۔29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان، چین کی جانب سے سرحد پر کسی بھی قسم کی دراندازی قبول نہیں کرے گا اور اپنی سرزمین کا دفاع کرے گا۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو نے کہا کہ یہ واقعات پیش آرہے ہیں، لیکن ہم پوری طرح واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم کسی بھی قسم کی (چینی) دراندازی ہماری سرزمین پر قبول نہیں کریں گے اور گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔ یہ چیز ہمارے لئے ناقابل قبول ہے۔ وہ ایک تقریب کے دوران علیحدہ طور پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ رجیجو نے پرزور انداز میں کہا کہ ہندوستان پرامن اور خیرسگالی کا ماحول چاہتا ہے اور اس کا موقف جارحانہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہند۔ چین سرحد پر کچھ علاقے اچھی طرح متعین نہیں ہے اور ہندوستانی فوج اس مقام تک پہنچ جاتی ہے جہاں اسے نہیں جانا چاہئے اور چینی پیپلز لبریشن آرمی کے فوجی بھی بعض اوقات سرحد پار کرکے ہندوستانی آبی اور زمینی حدود میں داخل ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیکن ہمارا موقف مستحکم ہے اور ہم اپنی سرزمین کو کسی اور کے ہاتھوں میں جانے نہیں دیں گے۔ اس سلسلے میں ہمارا موقف بالکل واضح ہے اور اگر ہم زیادہ جارحیت کا مظاہرہ نہیں کرتے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم کمزور ہیں بلکہ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم سرحد پر پرامن ، خیرسگالی اور استحکام کا ماحول دیکھنا چاہتے ہیں۔