چینائی کی سست رفتار پچ سے رن بنانے میں دشواری

کھیل میں گرمجوشی کا فقدان، جیت کے باوجود دھونی کو افسوس

چینائی۔24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چنئی سپر کنگ کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بھلے ہی آئی پی ایل -12 کے اوپننگ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف جیت سے شاندار آغاز کیا ہو لیکن انہوں نے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم کی پچ کو لے کر ناخوشی ظاہر کی ہے ۔آئی پی ایل کے اوپننگ مقابلے میں گزشتہ چمپئن چنئی اور وراٹ کوہلی کی کپتانی والی بنگلور کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی تھی لیکن شائقین کو خاص مہم جوئی ہاتھ نہیں لگی اور یہ میچ یکطرفہ رہا، جہاں بنگلور کی ٹیم 70 رن پر آل آؤٹ ہو گئی اور میزبان ٹیم نے سات وکٹوں سے مقابلہ جیت لیا۔اس پچ پر دونوں ہی ٹیموں کے بلے بازوں کو کافی جدوجہد کرنا پڑی۔ چنئی کی جیت کے بعد دھونی نے پچ کو لے کر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھے لگتا ہے کہ پچ کو اور بہتر ہونا چاہیے تھا، اگر ہماری ٹیم کو گھریلو میدان پر مسلسل اچھی کرکٹ کھیلنا ہے تو پچ کی صورت حال بہتر ہونا چاہیے تھی۔انہوں نے کہاکہ مجھے کبھی بھی پچ سے ایسی کارکردگی کی توقع نہیں تھی۔ یہ پچ اتنی سست تھی کہ اس نے مجھے 2011 چمپئنز لیگ وکٹ کی یاد دلا دی۔ ہمارا پچھلا سیزن کافی اچھا رہا تھا اور ہم یہاں طویل عرصے کے بعد واپسی کر رہے ہیں لیکن یہاں کھیلنا ہمیں مشکل لگ رہا ہے ۔ مجھے لگتا ہے کہ اگر وکٹ ایسا رہا تو ہمارے لیے مشکل ہو جائے گی۔ اس پچ کو آئندہ میچوں کے حساب سے بہتر ہونا چاہیے ۔ میرے حساب سے تو اس پچ کو بڑے اسکور والا ہونا چاہیے تھا لیکن مخالف ٹیم بھی سمجھ گئی کہ یہ سست وکٹ ہے ۔ چنئی کو چوتھی بار چمپئن بنانے کے مقصد کے ساتھ کھیل رہے دھونی نے کہا کہ اس پچ پر پریکٹس میچ کھیلنے کے باوجود بھی انہیں اس پچ کا کوئی اندازہ نہیں لگا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے پچ کا کوئی اندازہ نہیں تھا۔ ہم نے یہاں پریکٹس میچ بھی کھیلا اور پھر بھی یہ بڑے اسکور والی لگ رہی تھی۔ اسی کے حساب سے ہم نے اپنی منصوبہ بندی بھی بنائی تھی۔