چینائی کا تجربہ، دہلی کا جوش، آج ایک اور دلچسپ ٹکراؤ متوقع

وشاکھاپٹنم ۔9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل دہلی کیپٹلس کا کل یہاں آئی پی ایل کے دوسرے ایلیمنٹر مقابلے میں دفاعی چمپئن چینائی سوپرکنگس سے مقابلہ ہوگا اور اس مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی مرتبہ فائنل میں رسائی کیلئے دہلی کے کھلاڑی پرعزم ہیں۔ لیگ مرحلے میں چینائی کی ٹیم ہی تھی جس نے دہلی کو سرفہرست ٹیم بننے میں رکاوٹ کھڑی کی تھی کیونکہ اس نے اپنے گھریلو میدان چیپوک میں دہلی کو 80 رنز سے شکست دی تھی اور اب پھر ایک مرتبہ مہندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ٹیم دہلی کی پہلے فائنل میں رسائی کے درمیان کھڑی ہے۔ گذشتہ مقابلے میں سنسنی خیز لمحات میں ریشپھ پنت نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو حیدرآباد کے خلاف کامیابی دلوائی ہے۔ جس سے کل وشاکھاپٹنم میں کھیلے جانے والے مقابلے میں دہلی ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ پنت نے 21 گیندوں میں 49 رنز کی اننگز ایک ایسے وقت کھیلی جب مقابلے میں کافی دباؤ تھا اور اس اننگز کے ذریعہ انہوں نے قومی سلیکٹروں کو جواب دیا ہے جنہوں نے پنت کو ورلڈ کپ کی ٹیم میں منتخب نہیں کیا۔ دہلی نے اس سے قبل وشاکھاپٹنم میں مقابلہ کھیلا ہے جس کا اسے چینائی کے خلاف فائدہ ہوگا جبکہ ٹورنمنٹ کے کامیاب ترین فاسٹ بولر رباداکی عدم موجودگی میں ٹرینٹ بولٹ اور ایشانت شرما نے اطمینان بخش بولنگ کی ہے جبکہ کیموپال نے 3 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اپنے انتخاب کو درست قرار دیا ہے۔ سینئر اسپنر امیت شرما کی موجودگی بھی دہلی کے بولنگ شعبے کو مستحکم بنارہی ہے تو دوسری جانب شکھردھون، پرتھیو شاہ اور پنت بیٹنگ کے مضبوط ستون ہیں جبکہ کپتان ایئر نے بھی چند ایک بہترین اننگز کھیلی ہیں۔ دوسری جانب چینائی کیلئے دھونی کا تجربہ سب سے اہم ہے حالانکہ اس کے ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں میں شین واٹسن، فاف ڈوپلیسی، سریش رائنا اور امباتی رائیڈو مقابلے کو تنہا اپنی ٹیم کے حق میں کرسکتے ہیں۔ بولنگ شعبے میں عمران طاہر پر توجہ مرکوز ہوگی۔