چینائی کا آج راجستھان سے مقابلہ ، وکٹ پر توجہ مرکوز

چینائی۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت چینائی سوپر کنگس نے جب یہاں اپنے گھریلو میدان میں آئی پی ایل کا افتتاحی مقابلہ کھیلا تھا، تو وکٹ انتہائی دھیمی تھی، جس کی وجہ سے حریف ٹیم رائل چیلنجرس بنگلور نے اسٹار کھلاڑیوں کی موجودگی کے باوجود صرف 70 رنز بنائے تھے لہذا اب جبکہ کل راجستھان کے خلاف چینائی دوسرے مقابلے میں میزبانی کررہی ہے، لہذا وکٹ کا برتاؤ پھر ایک مرتبہ توجہ کا مرکز رہے گا۔ پہلے مقابلے میں ناقص وکٹ پر دونوں کپتانوں کے علاوہ چاروں گوشوں سے تنقید کی گئی ہے۔ دریں اثناء دھونی نے کہا ہے کہ کل کے مقابلے میں وکٹ کے برتاؤ پر نظریں مرکوز ہیں اور دیکھنا ہے کہ یہ وکٹ کیسی ہوگی۔ چینائی نے رواں سیزن اپنے دونوں مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور کل راجستھان کے خلاف کھیلے جانے والے تیسرے مقابلے میں بھی اس کے قطعی 11 کھلاڑیوں میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں اور جنوبی آفریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی کو باہر ہی بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔ دونوں مقابلوں میں دھونی نے بہتر مظاہرہ کیا ہے، اس کے علاوہ ٹیم کے سینئر بولروں ہربھجن سنگھ، عمران طاہر اور ڈیون براوو نے بولنگ میں بہتر مظاہرہ کیا ہے، دوسری جانب راجستھان رائلس کو اپنے ابتدائی دونوں مقابلوں میں شکست برداشت کرنی پڑی جیسا کہ افتتاحی مقابلہ میں کنگس الیون پنجاب کے خلاف جس وقت ٹیم مطلوبہ نشانہ کے تعاقب میں کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی تھی، اشون کی جانب سے منکڈ آؤٹ کرنے کا تنازعہ سامنے آیا۔ دوسرے مقابلے میں حیدرآباد کے خلاف سنجیو سامسن نے رواں سیزن کی پہلی سنچری اسکور کی لیکن ڈیوڈ وارنر کی دھماکہ خیز نصف سنچری نے حیدرآباد کی کامیابی کی بنیاد رکھی۔ راجستھان کے کپتان اجنکیا رہانے اپنے بیٹنگ شعبہ سے یقینی طور پر مطمئن ہوں گے جس میں ان کے علاوہ بٹلر، اسٹیو اسمتھ ، بین اسٹوکس اور سنجیو شامل ہیں، لیکن بولنگ شعبہ کے مظاہرہ تشویش کے باعث ہیں۔