چینائی اور دہلی میں آج دلچسپ ٹکراؤ متوقع

چینائی ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی انڈینس کے خلاف شکست کے بعد دفاعی چمپئن چینائی سوپرکنگس کا رنریٹ منفی زمرہ میں داخل ہورہا ہے اور اسے ٹیموں کے جدول میں پہلا مقام بھی گنوانا پڑا ہے لیکن کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں اسے فی الحال ٹیموں کے جدول میں پہلے مقام پر فائز دہلی کیپٹلس کا سامنا ہے۔ دونوں ہی ٹیمیں ٹورنمنٹ میں تاحال بہترین مظاہرہ کررہی ہے یہی وجہ ہیکہ ٹیموں کے جدول میں پہلے مقام پر ان دونوں کے درمیان اب آنکھ مچولی ہورہی ہے۔ دونوں ہی ٹیمیں کوشاں ہوں گی کہ نمبر ایک مقام پر اپنا قبضہ برقرار رکھیں تاکہ پلے آف مرحلہ میں صرف ایک کامیابی کے ذریعہ فائنل میں رسائی حاصل کرلی جائے۔ مہندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت چینائی سوپرکنگس کو گذشتہ مقابلہ میں اپنے کپتان کی خدمات حاصل نہیں تھی جس کی وجہ سے اسے نہ صرف ممبئی کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی بلکہ رنریٹ بھی گنوانا پڑا لیکن کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں دھونی کی واپسی سے ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ 12 مقابلوں میں چینائی سوپرکنگس کو 16 نشانات حاصل ہوئے ہیں اور وہ امید کررہی ہیکہ آئندہ دو مقابلوں سے قبل ہی حالات مشکل ترین ہوں اس سے پہلے وہ کامیابی کے ذریعہ پہلے مقام کو مستحکم کرے گی۔ دھونی کے علاوہ میزبان ٹیم کو امید ہیکہ اس کے آل راونڈر رویندر جڈیجہ بھی واپسی کریں گے۔ دوسری جانب دہلی کیپٹلس جس نے گذشتہ 5 مقابلوں میں چار فتوحات حاصل کی ہیں اس سے اس کے حوصلے کافی بلند ہیں۔ ٹیم نے 12 مقابلوں میں 16 نشانات حاصل کرلئے ہیں اور اس کا رنریٹ چینائی سے بہتر ہونے کی وجہ سے وہ پہلے مقام پر فائز ہیں۔ کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں دہلی کیلئے شکھردھون، پارتھوشا اور رشپھ پنت اہم بیٹسمین ہوں گے جبکہ بولنگ شعبہ میں ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے جنوبی افریقی فاسٹ بولر کیگیسو ربادا اور ایشانت شرما چینائی کے ٹاپ آرڈر کو پریشان کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب عمران طاہر اور ہربھجن سنگھ دہلی کے ٹاپ آرڈر کیلئے مسائل کھڑے کرسکتے ہیں۔