چیف منسٹر کے سی آر تلنگانہ عوام سے شخصی رابطہ کے خواہاں

ریاست گیر بس یاترا کے آغاز کا منصوبہ ، سرکاری اسکیمات پر ردعمل جاننے کی کوشش
حیدرآباد۔30اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ کے وزیر اعلی چندر شیکھر راؤ عنقریب ریاست میں بس یاترا کے آغاز کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ ڈھائی سالہ دور حکومت پر عوام کے ردعمل کو جاننے اور سرکاری اسکیمات و پروگراموں پر عوام کا ردعمل حاصل کرنے کیلئے اس یاترا کا اہتمام کیا جائے گا ۔ مختلف نامزد عہدوں کو پُر کرنے اور پارٹی میں مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کے بعد اس یاترا کو شروع کرنے کا ارادہ وزیر اعلیٰ رکھتے ہیں ۔ وزیر اعلی کا ماننا ہے کہ عوام کے درمیان جانے کیلئے موزوں وقت ہے ۔ حالیہ بہتر بارش کے سبب ریاست کے آبپاشی کے ذخائر لبریز ہوچکے ہیں اور دیہاتوں میں آبی ذخائر کی سطح میں بھی قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے جس سے عوام خوش ہیں۔ فلاحی اسکیمات پر عمل کے سلسلہ میں بھی عوام اطمینان کا اظہار کررہے ہیں۔ ایسے وقت عوام میں جانا بہتر ہوگا ۔ نئے اضلاع کی تشکیل کے پیش نظر حکمرانی میں ہورہی بعض دشواریوں اور عوامی مسائل پر بھی توجہ دیتے ہوئے ان مسائل کو حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ دورہ کے پیش نظر نئے اضلاع کیلئے ٹی آر ایس کے صدور ریاستی اور ضلع کی سطح کی کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔ نامزد عہدوں کو بھی پر کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے بعد یہ بس یاترا شروع کی جائے گی ۔