چیف منسٹر ممتا بنرجی کی بھی استعفے کی پیشکش مسترد

زعفرانی پارٹی کی یہ جیت حیران کن‘ کچھ تو گڑبڑ ہے؟
کولکاتا ، 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی نے آج چیف منسٹر مغربی بنگال کی حیثیت سے مستعفی ہوجانے کی پیشکش کی کیونکہ اُن کی پارٹی کو لوک سبھا چناؤ میں بھاری شکست ہوئی ہے، لیکن ٹی ایم سی نے یہ پیشکش مسترد کردی۔ انتخابی نتائج کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتا نے بی جے پی کو مغربی بنگال میں عوام کو مذہبی خطوط پر منتشر کرنے کا مورد الزام ٹھہرایا تاکہ ووٹ بٹورے جاسکیں اور اندیشہ ظاہر کیا کہ آیا زعفرانی پارٹی کی اس طرح زبردست کامیابی میں ’’کچھ گٹھ جوڑ یا بیرونی طاقت‘‘ کا رول تو نہیں ہے؟ ممتا نے تمام پارٹی قائدین سے ملاقات کے بعد کہا، ’’میں نے چیف منسٹر کے عہدہ سے مستعفی ہوجانا چاہا۔ کرسی میرے لئے کوئی معنی نہیں رکھتی۔ لیکن پارٹی نے اسے (میری پیشکش کو) مسترد کردیا۔ مجھے کرسی (اقتدار) کی ضرورت نہیں، لیکن کرسی کو (شاید) میری ضرورت ہے‘‘۔