چیف منسٹر بہار کے دورہ کے بعد مندر کی صفائی ‘ تحقیقات کا حکم

پٹنہ 29 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بہار مسٹر جیتن رام مانجھی نے الزام عائد کیا کہ مہا دلتوں کے خلاف امتیاز کا سلسلہ ہنوز جاری ہے کیونکہ ان کے مدھوبنی ضلع میں ایک مندر کا دورہ کرنے کے بعد مندر کو دھویا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہادلتوں کے خلاف زبردست امتیاز کا سلسلہ جاری ہے ۔ جو لوگ پچھڑے طبقات سے تعلق رکھتے ہیں ان سے ایسا سلوک کیا جارہا ہے اور وہ خود بھی اس کا شکار ہوئے ہیں۔ مانچھی نے اگسٹ میں ضمنی انتخابات کے دوران مندر کا دورہ کیا تھا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ مندر کو دھوئے جانے کے واقعہ سے واقف نہیں تھے انہیں اس سے وزیر کانکنی رام لاشن رام رمن نے واقف کروایا ہے ۔ بہار میں اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم بھی دیدیا گیا ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں نے چیف منسٹر کے اس الزام کی مذمت کی ہے ۔