چیف منسٹر بہار کے اثاثہ جات کا اعلان

پٹنہ ۔ یکم ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام): چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی کے اثاثہ جات میں ایک ڈبل بیرل گن اور ایک رائفل شامل ہیں ۔ لیکن دولت کے معاملہ میں ان کا اور بیشتر کابینی رفقاء میں زبردست فرق پایا جاتا ہے ۔ چیف منسٹر کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثہ جات جملہ مالیتی 66.81 لاکھ روپئے ہے ۔ چیف منسٹر اور ان کے 30 کابینی رفقاء نے کل شب اپنے اپنے اثاثہ جات کااعلان کیا ہے ۔ جس میں 13 وزراء کے پاس مختلف اقسام کے آتشیں اسلحہ ، ڈبل بیرل گن اور پستول ، رائفل اور ریوالورس شامل ہیں ۔ مانجھی کے معلنہ اثاثہ جات میں کوئی اشادہ نہیں ملتا کہ ان کی دولت میں اضافہ ہوا ہے جب کہ ان کے پاس نقد رقم 39,000 روپئے بشمول 17000 روپئے ان کی اہلیہ کے پاس ہیں ۔ 70 سالہ چیف منسٹر کے ایس بی آئی اور پنجاب نیشنل بینک میں 3 اکاونٹس ہیں ۔ جس میں 13.65 لاکھ روپئے ڈپازٹ ہیں لیکن انہوں نے بانڈس ، حصص یا انشورنس پالیسیوں میں سرمایہ کاری نہیں کی ہے ۔ مانجھی کے نام پر کوئی زیورات نہیں ہیں لیکن انکی بیوی کے پاس 60 گرام طلائی اور 250 گرام چاندی کے زیورات ہیں ۔ جس کی مالیت 1.78 لاکھ روپئے ہے ۔ مسٹر جتن رام مانجھی کے پاس صرف 37 لاکھ روپئے مالیتی 5 ایکڑ کاشت کی اراضی ہے ۔ جب کہ ان کے والد ایک زمیندار کے پاس کھیت مزدور تھے ۔۔