چیف منسٹر اے پی چندرا بابو پر عوامی فنڈس کے بے جا استعمال کا الزام

دفاتر کی تزئین نو کے لیے کروڑہا روپئے خرچ ، وائی ایس آر سی پی کی سخت تنقید
حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے آندھرا پردیش کے دارالحکومت کے لیے عوام کو قربانیاں دینے کی اپیل کی تاہم اپنے عارضی دفتر پر 36 کروڑ روپئے خرچ کیا ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ترجمان مسٹر امبا ٹی رام بابو نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو عوامی فنڈز کا بے جا استعمال کررہے ہیں ۔ انہوں نے آندھرا پردیش میں نئے دارالحکومت کے قیام کے لیے قربانی دینے کی اپیل کی اور عوام سے چندہ طلب کیا ۔ آندھرا پردیش میں نئی راجدھانی قائم ہونے تک جھاڑوں کے نیچے بیٹھ کر کام کرنے کا اعلان کیا ۔ مگر حیدرآباد میں اپنے عارضی چیمبر کے لیے چیف منسٹر آندھرا پردیش نے 36 کروڑ روپئے خرچ کیے ہیں ۔ دوسروں کو قربانی دینے کا مشورہ دینے والے نائیڈو خود اپنے چیمبر میں عوامی فنڈز کا بیجا استعمال کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے وزیر فینانس مسٹر وائی رام کرشنوڈؤ نے بھی اپنے چیمبر پر 80 لاکھ روپئے خرچ کیا ہے ۔ تعجب کی بات یہ ہے کہ ایک ٹی وی کے لیے 4 لاکھ روپئے خرچ کیا جارہا ہے ۔ اسپیکر اسمبلی مسٹر کوڈیلا شیو پرساد اسٹڈی ٹور کے نام پر مختلف مغربی ممالک کا دورہ کرتے ہوئے سرکاری خزانے کے لاکھوں روپئے خرچ کررہے ہیں ان ممالک کی ترقی ، تہذیب و تمدن سے ہمیں کیا لینا دیناہے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ اقتدار کے 100 دن مکمل کرنے کے باوجود عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا ۔ مگر سرکاری خزانے کو مزید خالی کرنے کے لیے چندرا بابو نائیڈو اور تلگو دیشم کے دوسرے قائد کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہے ہیں ۔۔