چیس کی سنچری نے ویسٹ انڈیز کو مکمل تباہی سے بچالیا

باربوڈوس ۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنائے ہیں۔پاکستان نے اپنے بولروں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز کو دباؤ میں رکھا اور 154 کے مجموعی اسکور پر میزبان ٹیم کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔تاہم روسٹن چیس کی شاندار سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کا موقف مستحکم ہوا نیز جیسن ہولڈر اور روسٹن چیس نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 132 رنز کا اضافہ کیا۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو جیسن ہولڈر 58 اور روسٹن چیس 131 رنز پر کھیل رہے تھے۔بارباڈوس میں کھیلے جا رہے تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور12 کے مجموعی اسکور پر کریگ بریتھ ویٹ محمد عامر کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ ایک رن بعد ہی محمد عباس نے شیمرون ہٹمیئر کو پویلین کا راستہ دکھادیا۔شے ہوپ اور کیرن پاول نے تیسری وکٹ کیلئے محتاط طریقے سے اسکور آگے بڑھانا شروع کیا لیکن 37 کے مجموعی اسکور پر ہوپ کی اننگز بھی ختم ہوئی۔ تین وکٹیں گرنے کے بعد کیرن پاول کا ساتھ نبھانے روسٹن آئے اور دونوں نے کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کیلئے 65 رنز جوڑے لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، محمد عامر نے ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے پاول کو آؤٹ کیا جبکہ پانچ رنز کے اضافے سے محمد عباس نے وشال سنگھ کو یونس خان کی مدد سے آؤٹ کر کے پاکستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔ روسٹن چیس نے دوسرے سرے سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور شین ڈاؤرچ کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے 47 رنز جوڑ کر ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی لیکن ٹسٹ کرئیر کا آغاز کرنے والے شاداب خان نے اپنے کیریئر کی پہلی وکٹ حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کو چھٹا نقصان پہنچایا۔جب چائے کا وقفہ ہوا تو ویسٹ انڈیز نے چھ وکٹ کے نقصان پر 166 رنز بنائے تھے جبکہ چیس 70رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور محمد عباس نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسپنرز یاسر شاہ اور شاداب نے فی کس ایک وکٹ اپنے نام کی۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ پاکستان نے ایک تبدیلی کرتے ہوئے وہاب ریاض کے مقام پر شاداب خان کو ٹسٹ ٹیم میں پہلی مرتبہ شامل کیا۔یاد رہے کہ پاکستان نے سیریز کا پہلا ٹسٹ میچ جیت کر 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے اور دوسرا ٹسٹ میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز میں ٹسٹ سیریز جیتنے کی تاریخ رقم کر سکتا ہے۔