چیریال میں عادی سارق گرفتار

مدور ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : چیریال پولیس سرکل کے تحت مختلف مواضعات میں پیش آئے متعدد سرقے کی واردات میں ملوث ایک دیرینہ مطلوبہ عادی سارق بی ہری پرساد کو آج چیریال پولیس نے ایک جال بچھا کر گرفتار کرلیا ۔ نیز آدھا تولہ سونا و 14700 روپئے برآمد کرلیے ۔ مسٹر موہن بابو سب انسپکٹر چیریال کے بموجب چیریال منڈل کے موضع ویرنا پیٹ کا بی ہری پرساد گذشتہ کئی دنوں سے چیریال پولیس کو مختلف چوری کے وارداتوں میں مطلوب تھا ۔ دو روز قبل موضع ویرنا پیٹ میں بی کنکیا کرما کے مکان میں ہوئی چوری کے واقعہ کے دوران ہری پرساد کا نام منظر عام پر آیا ۔ آج صبح چیریال ٹاون کے منگل بازار میں وہ مشتبہ حالت میں گھومتا ہوا چیریال پولیس کے ہاتھوں لگ گیا ۔ بعد تفتیش کے مجرم کو ریمانڈ کردئیے جانے کا سب انسپکٹر موہن بابو نے اعلان کیا ۔۔