چیریال میں طلبا کا راستہ روکو احتجاج

31 ؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیریال ٹاؤن کے مختلف جونیئر و ڈگری کالجوں میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کی مشترکہ مجلس عمل کے زیر اہتمام آج چریال ٹاؤن میں طلبا قائدین بی سری کانت ‘ سید جہانگیر ‘ منوج کمار ‘ سواتی ‘ کاویا ‘ محمد مزمل حسین و دیگر کی قیادت میں گذشتہ دو سال سے معروض التواء تمام اسکالرشپس و فیس پابجائی کی بقایاجات فوری جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سینکڑوں طلبا نے اپنی جماعتوں کا بائیکاٹ کیا ۔ نیز گاندھی چوراہے پر راستہ روکو احتجاج منظم کیا ۔ جس کے بابت زائد از ایک گھنٹے تک چیریال ۔ حیدرآباد ‘ سدی پیٹ ‘ جنگاؤں پر ٹریفک نظام بری طرح معطل رہا ۔ احتجاجی طلبا نے اپنے مسائل کو فوری حل کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر ٹی آر ایس حکومت کو اقتدار سے بے دخل کر دینے کا انتباہ دیا ۔ کافی دیر بعد مقامی سرکل انسپکٹر چندر شیکھرگوڑ نے مداخلت کرتے ہوئے احتجاجی طلبا کو ہٹا کر ٹریفک نظام کو بحال کیا ۔