چھوٹا راجن کیلئے انڈونیشیا جانے والی پولیس ٹیم کو خطرہ

ممبئی ، 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کرائم برانچ ٹیم جو گرفتار شدہ گینگسٹر چھوٹا راجن کو وطن واپس لانے کیلئے انڈونیشیا جانے والی ہے، اسے وہاں خطرہ کا سامنا ہے اور مقامی حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ اس کے ارکان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ اس تبدیلی سے واقف ایک سینئر عہدہ دار نے آج کہا، ’’ہمیں بعض اطلاعات ملی ہیں کہ جو ٹیم چھوٹا راجن کو واپس لانے کیلئے انڈونیشیا جائے گی اسے بھی (گینگسٹر کی طرح) خطرات کا سامنا ہے اور ہم اس معاملے میں اضافی چوکسی اختیار کررہے ہیں۔ ’’ہم نے ہماری فکرمندی سے میزبان ملک کو واقف کرایا اور ان سے اپیل کی کہ وہاں سے روانگی کے دوران حفاظت اور پُرسکون روانگی کو یقینی بنائیں۔‘‘ راجن جو کبھی انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کا بااعتماد مددگار ہوا کرتا تھا، اسے اس ہفتے کے اوائل سیاحتی ٹاؤن بالی میں پکڑلیا گیا۔ 55 سالہ راجن کی جان کو داؤد سے خطرہ ہے، جس کے آدمیوں نے سپٹمبر 2000ء میں اسے تھائی لینڈ کی ایک ہوٹل میں حملہ کرکے زخمی کیا تھا۔ یہ پوچھنے پر کہ راجن کو کب ہندوستان واپس لانے کا امکان ہے، سینئر عہدہ دار نے کہا کہ فی الحال کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔ ہمیں وزارت داخلہ کے ساتھ ساتھ سی بی آئی سے بھی ہدایات کا انتظار ہے کیونکہ بالی جانے والی ٹیم کی قیادت سی بی آئی کرے گی۔