چھتیس گڑھ میں نکسلائیٹس کا گھات لگاکر حملہ ۔ 7 پولیس اہلکار ہلاک

رائے پور 28 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ماؤیسٹوں نے چھتیس گڑھ کے بستر علاقہ میں آج سکیوریٹی عملہ کی ایک ٹیم پر گھات لگاکر حملہ کیا جس کے نتیجہ میں سات پولیس اہلکار بشمول ایک سب انپسکٹر ہلاک ہوگئے ہیں۔ کہا گیا ہے یہ حملہ دنتے واڑہ ضلع کے کواکونڈہ کے مقام پر کیا گیا ہے ۔ ابتدائی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک سب انسپکٹر پولیس ویویک شکلا بھی مہلوکین میں شامل ہے ۔ سکیوریٹی عملہ روڈ اوپننگ پارٹی کی ذمہ داریاں ادا کر رہا تھا کہ ماؤیسٹوں نے ان پر گھات لگاکر حملہ کردیا تھا ۔

یہ واقعہ دنتے واڑہ ضلع میں کواکونڈہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں شام گری ہلز کے قریب پیش آیا ۔ کہا گیا ہے کہ یہ پولیس عملہ اپنی موٹر سائیکلوں پر گذر رہا تھا کہ ان پر نکسلائیٹس کی جانب سے حملہ کردیا گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ ماؤیسٹوں نے موٹر سائیکلوں کو نذر آتش کردیا اور سکیوریٹی عملہ کے ہتھیار بھی لوٹ لئے ۔ دو سکیوریٹی اہلکار جو اس اکاؤنٹر میں زخمی ہوگئے تھے وہاں سے منتقل کردئے گئے ہیں اور انہیں اب جگدلپور کے ایک دواخانہ کو منتقل کیا جارہا ہے ۔ پولیس نے کہا کہ سکیوریٹی فورسیس کی جانب سے فائرنگ پر جوابی کارروائی کی جا رہی ہے اور آخری اطلاعات ملنے تک انکاؤنٹر جاری تھا ۔ علاقہ میں اضافی سکیوریٹی دستے اور کمک روانہ کردی گئی ہے تاکہ وہاں تلاشی مہم شروع کرتے ہوئے باغیوں کو گرفتار کیا جاسکے ۔ اس حملہ کی مزید تفصیلات کا ابھی تک علم نہیں ہوسکا ہے ۔