چھتیس گڑھ میں انکاونٹر 2 ماویسٹ ہلاک

رائے پور ۔ 27 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں آج سیکوریٹی فورسیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں 2 نکسلائٹس ہلاک ہوگئے ۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کلیان ایلسیلا نے بتایا کہ فلبڈاگی پولیس اسٹیشن علاقہ کے گھنے جنگل میں آج صبح اس وقت انکاونٹر کا واقعہ پیش آیا جب سیکوریٹی فورسیس کی مشترکہ ٹیم تلاشی مہم پر تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع ملنے پر فلبڈگی کے گھنے جنگل میں انسداد نکسلائٹس کارروائی شروع کی گئی تھی لیکن پولیس اسٹیشن سے 8 کلو میٹر قریب ماویسٹوں نے اچانک فائرنگ کردی اور سیکوریٹی فورسیس نے بھی منہ توڑ جواب دیا ۔ تاہم گھنے جنگل کا فائدہ اٹھاکر نکسلائٹس فرار ہوگئے ۔ جائے وقوع کی تلاشی لینے پر 2 ماویسٹوں کی نعشیں اور جدید ہتھیار برآمد ہوئے جب کہ مہلوکین کی شناخت کرنا باقی ہے ۔ سیکوریٹی فورسیس نے کل بھی بستر ڈیویژن میں 3 ماویسٹوں کو مار گرایا تھا ۔ آج کے انکاونٹر میں 2 نکسلائٹس کی ہلاکت کے بعد جاریہ سال بستر ڈیویژن میں مہلوکین کی تعداد 99  تک پہنچ گئی ہے ۔۔