چوٹی اجلاس میں مودی اور دیگر قائدین کی شخصی تفصیلات کا افشاG20

لندن 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )وزیر اعظم نریندر مودی ان 31 عالمی قائدین میں شامل ہیں جن کی شخصی تفصیلات کا آسٹریلیا میں گذشتہ سال منعقدہ G20 چوٹی اجلاس میں نادانستہ افشا کیا گیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا ایمیگریشن ڈپارٹمنٹ کے ایک ملازم کی ای میل غلطی کے سبب ایسا ہوا ہے ۔اس نے پاسپورٹس نمبرس ‘ویزا تفصیلات اور شخصی معلومات کو ایشین کپ فٹبال ٹورنمنٹ کے منتظمین کو روانہ کردیا تھا۔ گارجین کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی کے علاوہ صدر امریکہ بارک اوباما‘صدر روس ولادمیر پوٹین‘جرمن چانسلر انجیلا مرکل ‘صدر چین ژی جن پنگ‘وزیر اعظم جاپان شنزوایب ‘صدر انڈونیشیاء جوکو وڈوڈو اور وزیر اعظم برطانیہ ڈیوڈ کیمرون و دیگر کی تفصیلات کا افشا کیا گیا تھا۔آسٹریلیا کے پرائیوسی کمشنر سے ڈائرکٹر ویزا سرویسس ڈیویژن نے 7 نومبر 2014 کو ڈاٹا کے افشا کے سلسلہ میں ربط پیدا کیا اور فوری مشورہ طلب کیا تھا۔ اخبار نے دعوی کیا کہ اس واقعہ کے بارے میں عالمی قائدین کو مطلع کرنا ضروری نہیں سمجھا گیا۔