چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ پر کل مجلس بچاؤ تحریک کا جلسہ یوم رحمتہ للعالمینؐ

ڈاکٹر مفتی محمود حسین ، مولانا محمد ہاشم اشرفی ، ڈاکٹر حفیظ الرحمن مہمانان خصوصی ، ڈاکٹر قائم خاں کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : مجلس بچاؤ تحریک کے زیر اہتمام 10 جنوری بروز اتوار بعد نماز عشاء بمقام چنچل گوڑہ گورنمنٹ جونیر کالج گراونڈ زیر نگرانی صدر مجلس بچاؤ تحریک ڈاکٹر قائم خاں 23 واں جلسہ یوم رحمتہ للعالمینﷺ منعقد ہوگا ۔ جس میں چیرمین عربک اینڈ پرشین ڈپارٹمنٹ آف بریلوی کالج مفتی ڈاکٹر محمود حسین رضوی ، خطیب ذیشان مولانا محمد ہاشم اشرفی ( کانپور ) ، اسلامک اسکالر ڈاکٹر حفیظ الرحمن پاشاہ ( دہلی ) بحیثیت مہمانان خصوصی کے علاوہ خطیب جامع مسجد مہدویہ مولانا سید بختیار عالم ، ذاکر اہل بیت مولانا علی مرتضی ، جنرل سکریٹری سنی علماء بورڈ مولانا حبیب الحسن صدیقی اور ترجمان مجلس بچاؤ تحریک مسٹر مجید اللہ خاں فرحت بحیثیت مہمانان اعزازی مخاطب کریں گے ۔ اس بات کا اعلان آج یہاں صدر مجلس بچاؤ تحریک ڈاکٹر قائم خاں ، چیرمین انتظامی کمیٹی مسٹر سید طارق قادری ، سابقہ کارپوریٹر مجلس بچاؤ تحریک و سکریٹری انتظامی کمیٹی مسٹر امجد اللہ خاں خالد منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جلسہ یوم رحمتہ للعالمینﷺ جو گذشتہ 23 سال سے منایا جارہا ہے جس کی بنیاد بانی مجلس بچاؤ تحریک جناب محمد امان اللہ خاں مرحوم نے ڈالی تھی اور اس جلسہ کے انعقاد کا مقصد اجتماعی عبادت کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے اللہ کی کتاب قرآن مجید اور حضورﷺ کی تعلیمات کو سارے عالم کے بنی نوع انسانوں تک پہنچاتے ہوئے ساری دنیا کو امن اور سلامتی کا پیغام دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے حضور ﷺ کو رحمتہ للعالمین بناکر دنیا میں مبعوث فرمایا تاکہ وہ سارے عالم کے لوگوں کو ہدایت اور صراط مستقیم کا راستہ دکھا سکیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آج ساری دنیا میں دشمنان اسلام اور صیہونی طاقتیں اسلام اور مسلمانوں کو دہشت گردی سے جوڑ رہی ہیں جب کہ اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج ہم مسلمان گھرانے میں پیدا ہونے کے باوجود اللہ اور اس کے رسولﷺ کی تعلیمات سے بے بہرہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلم معاشرے میں سود خوری ، قتل و غارتگری ، گھوڑے جوڑے کی لعنت کے علاوہ دیگر بے شمار سماجی برائیاں جنم لے رہی ہیں ۔ جس کا اہم سبب دین سے بے رغبتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جلسہ رحمتہ للعالمینﷺ کے موقع پر اسلامی نظریہ کے پیش نظر غریب مسلمانوں کی تعلیمی ، معاشی ، سماجی فلاح و بہبود پر عمل آوری سے متعلق سیاسی ، عوامی مذہبی قائدین اور حکومت کو توجہ مبذول کروائی جائے گی ۔ انہوں نے بی جے پی اور اس کی حلیف سنگھ پریوار تنظیموں آر ایس ایس ، بجرنگ دل ، وشوا ہندوپریشد پر الزام عائد کیا کہ وہ مذہبی منافرت پھیلاتے ہوئے ہندوؤں اور مسلمانوں کو آپس میں لڑاکر خون خرابہ دنگا و فساد کے ذریعہ نعشوں پر حکومت کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں ہندوستان کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ اس موقع پر مجلس بچاؤ تحریک قائدین مسرز الطاف نصیب خاں ، سکندر مرزا ، مظفر علی عدیم بھی موجود تھے ۔۔