چنچلگوڑہ کے نوجوان کو دہلی پولیس نے گرفتار کرلیا

حیدرآباد۔ یکم مئی (سیاست نیوز) دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے پرانے شہر کے ایک نوجوان جو فیس بک ایڈمن ہے، کو گرفتار کرکے دہلی منتقل کردیا۔ تفصیلات کے بموجب سید عبدالباری مصور مجاہد ساکن چنچل گوڑہ نے فیس بک پر ایک پیج “Mangalore Voice” بنایا جس پر انتہائی قابل اعتراض مواد پوسٹ کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس پیج پر انصاف کے ترازو تھامی ہوئی خاتون کی تصویر سے چھیڑ چھاڑ کرکے اسے برہنہ بتایا اور اس کے ساتھ صدرجمہوریہ، چیف جسٹس ، وزیراعظم اور صدر بی جے پی امیت شاہ کو دکھایا۔ بتایا جاتا ہے کہ دہلی کی عام آدمی پارٹی کی ایک خاتون کارکن کی بھی تصویر اس مجسمہ سے جوڑی گئی۔ دہلی پولیس اسپیشل سیل نے 28 اپریل کو آئی ٹی ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا اور آئی پی ایڈریس سے سید عبدالباری مصور کا پتہ چلایا جوکہ حیدرآبادی ہیں۔ اسپیشل سیل کے انسپکٹر سمرپال کی زیرقیادت ایک ٹیم آج صبح پرانے شہر پہنچ کر مصور کو چنچل گوڑہ علاقہ سے حراست میں لے لیا اور بعدازاں اسے دبیرپورہ پولیس اسٹیشن لے جایا گیا جہاں پر ضابطہ کی تکمیل کے بعد دہلی منتقل کیا گیا۔ سب انسپکٹر دبیرپورہ اے شیکھر نے نوجوان کے والدین کو اطلاع دے کر گرفتاری کی گئی اور دہلی منتقل کیا گیا۔