چندہ کے نام پر غنڈہ عناصر کی شرپسندی

مورتی کی تنصیب کے لیے رقم کی عدم ادائیگی پر تاجر کی پٹائی اور دھمکیاں
حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد کے علاقہ میں چندہ کے نام پر شرپسند عناصر کی غنڈہ گردی عروج پر پہونچ گئی ہے ۔ دسہرہ کے موقع پر مورتی کی تنصیب کے لیے چندہ کے لیے زبردستی کرتے ہوئے ایک دوکاندار کو شدید زد و کوب کیا گیا اور شکایت کرنے کی صورت میں کاروبار کو بند کروانے اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں بھی دی گئیں ۔ درجنوں افراد پر مشتمل گروپ جو چندہ وصول کررہا تھا آج کاٹے دھن کے علاقہ میں واقع جے کے پلاسٹک پہونچا اور چندہ کے لیے زبردستی کرتے ہوئے توڑپھوڑ مچادی ، اشرار کے اس حرکت اور مبینہ حملہ میں جے کے پلاسٹک کے مالک علی پاشاہ زخمی ہوگئے ۔بعد ازاں اس شخص نے پولیس اسٹیشن مائیلار دیو پلی میں شکایت درج کروادی ۔ تاہم دیگر افراد جو مقامی اشرار کی غنڈہ گردی کا شکار ہیں اور ان اشرار کو دھمکیوں سے خوف کے عالم میں شکایت نہیں کروائی ۔ اس خصوص میں انسپکٹر مائیلار دیوپلی پولیس اسٹیشن مسٹر سید نعیم الدین جاوید نے بتایا کہ علی پاشاہ کی شکایت اور مبینہ حملہ و توڑ پھوڑ کے الزام میں پولیس نے دو افراد نارائنا اور شیوا کو حراست میں لے لیا ہے ۔ جو نیتاجی نگر کاٹے دھن علاقے کے ساکنان ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مزید افراد کی شناخت جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی دباؤ کو سائبر آباد پولیس قبول نہیں کرتی اور خاطیوں پر الزام ثابت ہونے کے بعد سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ تاجرین اور مقامی افراد نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایک کارپوریٹر اور اس کے رشتہ دار کے سیاسی دباؤ کے سبب اس علاقہ میں اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو مبینہ طور پر ہراساں و پریشان کیا جارہا ہے اور کاروبار کو بند کروانے کی دھمکیاں بھی آئے دن دی جاتی ہیں ۔۔