چندرپال کی 29 ویں سنچری، ویسٹ انڈیز 367 رنز پر آل آوٹ

ہیملٹن ۔ 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر بیٹسمین شیونارائن چندرپال نے آج ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے سابق کپتان ایلن بارڈر کو اور ناقابل تسخیر سنچریوں کی فہرست میں ہندوستانی ماسٹر بلاسٹر سابق اوپنر سچن تنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا جیسا کہ یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جارہے تیسرے ٹسٹ کے دوسرے دن چندرپال نے 122 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 367 رنز تک پہنچانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ ناقابل تسخیر 122 رنز اسکور کرنے والے چندرپال نے 17 ویں غیرمفتوح سنچری اسکور کرتے ہوئے سچن تنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا جبکہ دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان کے بعد 156 رنز اسکور کئے ہیں۔ میزبان ٹیم کے سابق کپتان راس ٹیلر جوکہ سیریز کی متواتر تیسری سنچری کے تعاقب میں ہیں، وہ دن کے اختتام پر 56 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے جبکہ کپتان برنڈن مکالم 11 رنز بنا لئے ہیں۔

ٹیلر نے 133 گیندوں میں 8چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے جبکہ مکالم نے 23 گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں دو چوکے لگائے۔ نیوزی لینڈ کو اپنی پہلی اننگز میں اوپنرس کا جلد نقصان برداشت کرنا پڑا جیسا کہ پیٹر فلٹن اور ہیمیش روتھرفورڈ 43 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ بعدازاں ٹیلر نے تیسری وکٹ کیلئے کین ولیم سن کے ہمراہ 95 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی۔ ہیمیش روتھرفورڈ 11 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 10 رنم بنا کر حریف کپتان ڈیرن سمی کی بولنگ پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ فلٹن کی مزاحمتی اننگز اس وقت ختم ہوئی جب سنیل نارائن نے انہیں سمی کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا۔

فلٹن نے 71 گیندوں میں 11 رنز بغیر کسی باونڈری کے بنائے۔ نارائن نے اپنا دوسرا شکار ولیم سن کو بنایا جنہوں نے 148 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنانے کے بعد نارائن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے۔ نارائن اور ویرا سوامی پرمال نے نیوزی لینڈ کے بیٹسمینوں کو کافی پریشان کیا کیونکہ دونوں اسپنرس کی ٹرن لیتی گیندوں کے خلاف بیٹسمین جدوجہد کرتے دکھائی دیئے۔ ویسٹ انڈیز نے آج اپنے کل کے اسکور 289/6 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور چندرپال نے 94 رنز کی اننگز کو ریکارڈ سنچری میں تبدیل کیا۔ چندرپال نے 229 گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 11 چوکے لگائے جبکہ پرمال نے 20 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 20 اور ٹینوبیسٹ نے 44 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 25 رنز کا مجموعی اسکور میں اہم تعاون دیا۔ نیوزی لینڈ کیلئے ٹم ساوتھی کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 79 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ علاوہ ازیں کورے جیمس اینڈرسن نے 47 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ٹرنٹ بولٹ 84 رنز، ویگنر 67 رنز اور ایش سودھی نے 65 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔