چندرپال نے سچن تنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا

ہیملٹن ۔ 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے سینئر بیٹسمین شیونارائن چندرپال نے آج اپنے کیریئر کی ریکارڈ ساز 29 ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں آسٹریلیا کے سابق کپتان ایلن بارڈر کو پیچھے چھوڑنے کے علاوہ طویل طرز کی کرکٹ میں ناقابل تسخیر سنچریوں کے ریکارڈ میں ہندوستان کے سابق عظیم بیٹسمین سچن تنڈولکر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹسٹ کے دوسرے دن یہاں چندرپال نے 122 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی، جو ان کے کیریئر کی 29 ویں سنچری ہونے کے علاوہ ناقابل شکست 17 ویں سنچری ہے جس کے ذریعہ انہوں نے ناقابل تسخیر سنچریوں کی فہرست میں سچن تنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس اننگز کے ذریعہ چندرپال نے ٹسٹ کرکٹ میں اپنے مجموعی اسکور کو 11,199 تک پہنچادیا ہے جو انہوں نے 153 ٹسٹ مقابلوں میں بنائے ہیں۔ دریں اثناء اس دوران انہوں نے بارڈر کی جانب سے 156 ٹسٹ مقابلوں میں 11,174 رنز کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بارڈر مارچ 1994ء کو بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی اختیار کی تھی اور یہی وہ سال ہے جب 39 سالہ چندرپال نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ ٹسٹ کرکٹ میں سب سے رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں چندرپال پانچویں مقام پر پہنچ چکے ہیں اور ان سے آگے ان کے سابق ساتھی بیٹسمین براین لارا ہیں جنہوں نے 11,953 رنز بنائے ہیں جبکہ اس فہرست میں حالیہ دنوں میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے والے سچن تنڈولکر ہیں جنہوں نے 200 ٹسٹ مقابلوں میں 15,921 رنز اسکور کئے ہیں۔ چندرپال سے آگے رکی پونٹنگ (13,378)، راہول ڈراویڈ (13,288) اور جیک کیالس (13,140) موجود ہیں۔