چندرا بابو کو کے چندر شیکھر راؤ پر تنقید کا حق نہیں

حیدرآباد ۔29 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو پر سخت تنقید کی اور کہا کہ انہیں چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ پر تنقید کا حق حاصل نہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو اگر تلنگانہ حکومت سے مسابقت کرنی ہو تو انہیں ترقیاتی اور فلاحی کاموں میں مسابقت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ ملک میں سرفہرست چیف منسٹر ہیں جنہوں نے عوامی بھلائی اور ترقی کے سلسلہ میں کئی منفرد پروگرام شروع کئے ۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی وہ پہلی ریاست ہے جو فلاحی اسکیمات کا سالانہ 28 ہزار کروڑ روپئے خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو جنہوں نے آندھراپردیش کی عوام سے کئے گئے وعدوں سے انحراف کرلیا، انہیں چندر شیکھر راؤ پر تنقید کا کوئی حق نہیں۔

ٹی آر ایس کے جلسہ عام کی کامیابی سے چندرا بابو نائیڈو بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور حکومت پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت تلنگانہ کو آندھراپردیش میں ضم کیا گیا تھا ، اس وقت تلنگانہ فاضل بجٹ والی ریاست تھی لیکن چندرا بابو نائیڈو اپنے دور حکمرانی کو تلنگانہ کی ترقی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور خاص طور پر حیدرآباد کی ترقی کے بارے میں چندرا بابو نائیڈو کے دعوے مضحکہ خیز ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ جس طرح ایک جھوٹ کو 10 بار کہنے پر عوام اسے سچ سمجھتے ہیں، اسی طرح چندرا بابو نائیڈو جھوٹ پر مبنی پرچار کے ذریعہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ وزیر برقی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کا مرکزی حکومت نے اعتراف کیا ہے۔ حکومت نے حال ہی میں واٹر گرڈ اور مشن کاکتیہ اسکیمات کا آغاز کیا جس کی ملک بھر میں ستائش کی جارہی ہے۔

ان اسکیمات کے ذریعہ حکومت عوام کو صاف پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنائے گی اور تلنگانہ کو خشک سالی سے نجات دلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو تلنگانہ سے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات میں مسابقت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو دور حکومت میں محبوب نگر سے لاکھوں کی تعداد میں عوام نے دیگر ریاستوں کا رخ کیا تھا اور آج چندرا بابو نائیڈو اسی ضلع میں عوام کی بھلائی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ تلنگانہ کے دورہ سے تلگو دیشم پارٹی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ تلگو دیشم دور حکومت میں کسی بھی شعبہ کی تر قی پر توجہ نہیں دی گئی تھی۔ کسانوں نے جب برقی کا مطالبہ کیا تو حیدرآباد میں ان پر فائرنگ کی گئی۔ کسانوں پر کی گئی فائرنگ کے واقعہ کو آج بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کی دھوکہ دہی پر مبنی تاریخ سے تلنگانہ عوام اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے تلگو دیشم اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت پر تنقیدوں کے بجائے تعمیری تجاویز پیش کریں۔

پبلک گارڈنس واکرس اسوسی ایشن کا اتوار کو ہیلت لکچر
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : پبلک گارڈنس واکرس اسوسی ایشن کے زیر اہتمام 3 مئی ( اتوار ) کو صبح 7 بجے اندرا پریہ درشنی آڈیٹوریم ، پبلک گارڈنس میں ماہانہ ہیلت لکچر کے تحت ’ فیٹی لیور ۔ اے نیو سائیلٹنٹ کلر ‘ عنوان پر لکچر منعقد ہوگا ۔ ڈاکٹر نوین پولاورپو ، کنسلٹنٹ ، میڈیکل گائناکالوجسٹ و ٹرانسپلانٹ ہیپاٹولوجسٹ ، اپولو ہاسپٹلس ، جوبلی ہلز یہ لکچر دیں گے ۔۔