چندرا بابو کو پسماندہ طبقات کے مسائل کی یکسوئی میں عدم دلچسپی

وزیر اعظم سے بی سی بل پر چیف منسٹر اے پی بات بھی نہیں کرسکے ، آر کرشنیا کی تنقید
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی رکن اسمبلی و قائد بی سی ویلفیر اسوسی ایشن آر کرشنیا نے صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو کو پسماندہ طبقات کے مسائل کی یکسوئی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے جب کہ وہ متعدد مرتبہ دہلی کا دورہ کرتے ہیں ۔ لیکن وہ وزیر اعظم یا مرکزی حکومت سے کبھی ’ بی سی بل ‘ کے تعلق سے کم از کم لب کشائی کرنابھی گوارہ نہیں کرتے ہیں ۔ لہذا بی سی ( پسماندہ طبقات کے مسائل پر ) 5 تا 7 مئی چلو دہلی پروگرام منظم کرنے کا مسٹر آر کرشنیا نے اعلان کیا ۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے بی سی بل کی تائید کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو اپنے مکتوبات تحریر کر کے روانہ کرنے کی پر زور اپیل کی ۔ رکن اسمبلی نے مرکزی و ریاستی حکومتوں کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ پسماندہ طبقات کے ساتھ ہر سطح پر نا انصافیاں ہورہی ہیں اور سرکاری ملازمتوں میں بھی پسماندہ طبقات کو ترقیوں کے مواقع سے محروم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے سرکاری ملازمتوں میں پسماندہ طبقات کو ترقیوں کے معاملہ میں تحفظات فراہم کرنے ، ایس سی ایس ٹی و اقلیتوں کے خطوط پر کلیان لکشمی اسکیم کو پسماندہ طبقات تک وسعت دینے کے علاوہ تین ایکڑ زمین کی فراہمی اسکیم کو بھی پسماندہ طبقات کیلیے قابل عمل بنانے کا حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ۔ کرشنیا رکن اسمبلی نے حلقہ اسمبلی ایل بی نگر کے لیے کوآرڈینٹر کا تقرر کرنے کا پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا ۔۔