چندرابابو کی دیوے گوڑا ،کماراسوامی سے ملاقات

بنگالورو22مئی(سیاست ڈاٹ کام)آندھراپردیش کے وزیراعلی این چندرابابو نائیڈو جو غیر بی جے پی جماعتوں کو ملک بھرمیں متحد کرنے کی مہم میں مصروف ہیں، نے بنگالورو میں سابق وزیراعظم دیوے گوڑا اور کرناٹک کے وزیراعلی ایچ ڈی کماراسوامی سے ملاقات کی۔ چندرابابو جو گزشتہ روز نئی دہلی سے راست بنگالورو پہنچے نے گوڑا اور ان کے فرزند کماراسوامی سے منگل کی شب ملاقات کی۔یہ ملاقات تقریبا نصف گھنٹہ تک گوڑا کی قیامگاہ پر بند کمرے میں ہوئی۔ نائیڈو نے بتایاجاتا ہے کہ ملک میں لوک سبھا انتخابات کے مابعدنتائج پس منظر اور مرکز میں اقتدار سے زعفرانی جماعت کو دوررکھنے کے لئے متحدہ طور پر حکمت عملی کی تیاری کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا۔ نائیڈو کی رات دیرگئے آمد اور گوڑا و کماراسوامی سے ملاقات کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ کماراسوامی اور دیوے گوڑا نے گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کے لیڈران کی میٹنگ میں شرکت نہیں کی تھی۔