چندرابابو نائیڈو پر تنقید کانگریس اور ٹی آر ایس کا فیشن

حیدرآباد 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی نے کانگریس اور ٹی آر ایس پر شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ صدر مسٹر این چندرابابو نائیڈو پر تنقید کو فیشن بنالیا گیا ہے۔ سینئر تلگودیشم لیڈر مسٹر آر پرکاش ریڈی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس حکومت نے ہی ریاست میں کرپشن کو فروغ دیا اور خود عوام نے اِسے بے نقاب کیا ہے۔ لیکن اب کانگریس بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس اور ٹی آر ایس کی وجہ سے ہی علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل میں تاخیر ہورہی ہے۔ یہ دونوں جماعتیں دراصل عوام کے سامنے علیحدہ تلنگانہ کا مطالبہ کررہی ہیں لیکن اِس عمل میں رکاوٹ یہی جماعتیں بنی ہوئی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر کے سی آر کو علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل سے حقیقی دلچسپی ہوتی تو وہ خاموش تماشائی نہیں رہتے اور دیگر جماعتوں کی تائید حاصل کرتے ہوئے مرکز پر دباؤ ڈالنے کیلئے ضروری اقدامات کرتے۔