چندرابابو نائیڈو حکومت فیملی پلاننگ پروگرام سے دستبردار

اے پی میں دو سے زائد بچے والے مانباپ کو مجالس مقامی چناؤ میں مقابلہ کی اجازت
حیدرآباد 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں چندرابابو نائیڈو کی حکومت نے مجالس مقامی کے انتخابات میں دو سے زائد بچے رکھنے والے مانباپ پر چناؤ لڑنے پر لگائی گئی پابندی برخواست کردی ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے آندھراپردیش کے عوام سے کہاکہ اُنھوں نے سابق میں اس وقت کے تقاضہ کے تحت فیملی پلاننگ کی وکالت کی تھی لیکن چونکہ نوجوان آبادی کم ہوگئی ہے اس لئے ان کا موقف بدل گیا ہے۔ مانباپ اب ایک دو بچوں پر بس نہ کریں زائد بچے پیدا کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ جاپان، چین اور دوسرے ممالک کو اس وقت فیملی پلاننگ کی وجہ سے نوجوانوں کی شدید کمی کا
سامنا ہے۔

کے سی آر اپنے کو بادشاہ سمجھ رہے ہیں، لکشمن کا ریمارک
حیدرآباد 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) کے چندرشیکھر راؤ تلنگانہ میں دوسری مرتبہ اقتدار پر واپسی پر اپنے آپ کو بادشاہ سمجھ رہے ہیں۔ یہ ریمارک تلنگانہ بی جے پی کے صدر کے لکشمن نے کیا۔ وہ پسماندہ طبقات اور اپوزیشن قائدین کے خلاف چیف منسٹر تلنگانہ کی زبان درازی پر اپنا ردعمل ظاہر کررہے تھے۔ لکشمن نے کہاکہ کے سی آر کو سمجھ لینا چاہئے کہ بادشاہ اور سلطنتیں ختم ہوچکی ہیں، وقت آئے گا تو کے سی آر اور ٹی آر ایس بھی نہیں بچیں گے۔ یہ تاریخی حقیقت ہے۔ لکشمن نے کے سی آر سے کہاکہ وہ پسماندہ طبقات اور وزیراعظم کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال بند کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ پسماندہ طبقات نے نظام کے خلاف لڑائی لڑی ہے وہ کے سی آر کو بھی سبق سکھائیں گے۔
تلنگانہ کانگریس اُمور کے انچارج آر سی کنٹیا مستعفی، تلنگانہ کانگریس قائدین کی تردید
حیدرآباد 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری آر سی کنٹیا نے تلنگانہ کانگریس پارٹی اُمور کے انچارج کی حیثیت سے مبینہ طور پر استعفے کا پیشکش کیا ہے۔ اُنھوں نے اس سلسلہ میں صدر کانگریس راہول گاندھی کو اطلاع دے دی ہے۔ صدر کانگریس نے ان کے استعفیٰ کی پیشکش پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ اس دوران تلنگانہ کانگریس قائدین نے کنٹیا کے مستعفی ہونے کی تردید کی اور کہاکہ اے آئی سی سی کو کنٹیا پر پورا بھروسہ ہے اور کنٹیا لوک سبھا چناؤ تک تلنگانہ کے پارٹی انچارج برقرار رہیں گے۔

کے سی آر حکومت علی الحساب بجٹ پیش کرے گی
حیدرآباد 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کی حکومت اس سال علی الحساب بجٹ پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کے سی آر حکومت کا یہ احساس ہے کہ مرکزی حکومت امکان ہے کہ فروری میں علی الحساب بجٹ پیش کرے گی اور پھر لوک سبھا انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ چونکہ تلنگانہ کے لئے مرکزی فنڈس کی تقسیم کی صراحت نہیں ہوگی۔ اس لئے تلنگانہ کی حکومت علی الحساب بجٹ پیش کرے گی۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اشارہ دیا ہے کہ سال 2019-20 ء کے بجٹ میں آبپاشی کے ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبوں کو اولین ترجیح دی جائے گی۔