چندرائن گٹہ میں کارڈن سرچ، روڈی شیٹرس گرفتار، موٹر گاڑیاں ضبط

حیدرآباد۔/29 مئی، ( سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس کی جانب سے علاقہ چندرائن گٹہ میں کارڈن سرچ آپریشن کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون امبر کشور جھا کی زیر نگرانی اے سی پی فلک نما مسٹر ایم اے رشید اور دیگر جملہ 75 پولیس عملے نے چندرائن گٹہ کے علاقہ اندرا نگر میں گھر گھر تلاشی لی۔ اس کارروائی کے دوران پولیس نے دستاویزات کی عدم موجودگی کے نتیجہ میں 35 موٹر سیکلوں اور ایک آٹو کو ضبط کرلیا جبکہ 5 روڈی شیٹرس اور دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون نے حراست میں لئے گئے روڈی شیٹرس کی کونسلنگ کی اور انہیں انتباہ دیا کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔