چلو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ احتجاج کامیاب: ڈاکٹر جے گیتا ریڈی

خانگی کمپنی کو بچانے کی کوشش، 20 طلبہ کی خودکشی پر حکومت کی خاموشی افسوسناک
حیدرآباد۔29 اپریل (سیاست نیوز) سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے دعوی کیا کہ انٹرمیڈیٹ نتائج میں دھاندلیوں کے خلاف کل جماعتی قائدین کا احتجاج کامیاب رہا۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گیتاریڈی نے کہا کہ شہر کے تمام پولیس اسٹیشن قائدین اور عوام سے بھرچکے تھے۔ ریاست کے دیگر علاقوں میں بھی پولیس نے احتجاج میں شرکت کے لیے آنے والے قائدین اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ گیتا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں جمہوریت کا نام و نشان نہیں ہے اور کے سی آر جمہوریت کا قتل کرچکے ہیں۔ گیتاریڈی نے الزام عائد کیا کہ احتجاج کے موقع پر پولیس نے خواتین کا پاس و لحاظ رکھے بغیر ہی انہیں گرفتار کیا۔ خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی گئی اور پولیس ویان میں غیر انسانی طریقہ سے بھردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تساہل اور کوتاہی کے نتیجہ میں انٹرمیڈیٹ نتائج میں دھاندلیاں ہوئی ہیں۔ گلوبرینا کمپنی کو کوئی تجربہ نہیں۔ سابق میں کڈیم سری ہری کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے اس کمپنی کو نااہل قراردیا تھا اس کے باوجود اس کمپنی کو کنٹراکٹ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ کرتے ہوئے خانگی کمپنی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی غلطیوں کے نتیجہ میں طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اسے مشین کی غلطی کہا نہیں جاسکتا۔ گیتاریڈی نے سوال کیا کہ ریاست میں وزیر تعلیم موجود ہے یا نہیں ہے؟ 20 سے زائد طلبہ کی خودکشی کے باوجود آج تک کسی کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بعض چھوٹے عہدیداروں پر کارروائی کرتے ہوئے معاملے کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ اصل خاطیوں کی حکومت پشت پناہی کررہی ہے۔ انہوں نے وزیر تعلیم کی برطرفی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وزیر تعلیم نے خودکشی کرنے والے طلبہ کے افراد خاندان سے ملاقات تک نہیں کی۔ انہوں نے پسماندگان کو فی کس 50 لاکھ روپئے ایکس گریشیا اور 10 لاکھ طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والی گلوبرینا کمپنی کے خلاف کریمنل کیس درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ایک طرف کسان تو دوسری طرف طلبہ مسائل کا شکار ہیں لیکن حکومت کو کانگریس ارکان اسمبلی کی خریدی کی فکر ہے تاکہ کانگریس کو اسمبلی میں اپوزیشن کے موقف سے محروم کردیا جائے۔ انہوں نے پرچوں کی دوبارہ جانچ اور نشانات کی جانچ کا کام جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ گیتاریڈی نے کہا کہ جمہوریت میں احتجاج کی اجازت ہے لیکن حکومت اپوزیشن کو اس حق سے محروم رکھنا چاہتی ہے۔