چرلہ پلی اور چنچل گوڑہ جیلوں میں موبائیل جامرس کی تنصیب کا منصوبہ

ریاست کی تمام 11 جیلوں کو 10 عدالتوں سے مربوط کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد 30 ستمبر (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے ریاستی محکموں محابس و اصلاحات اِن دنوں چرلہ پلی اور چنچل گوڑہ جیلوں میں موبائیل فون سگنل جامرس نصب کرنے کے منصوبہ پر غور کررہا ہے تاکہ قیدیوں کی جانب سے موبائیل فون کے غلط استعمال کو روکا جاسکے۔ تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل محابس وی کے سنگھ نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ ’’ہم چنچل گوڑہ اور چرلہ پلی سنٹرل جیل میں سیل فون سگنلس کو روکنے کے لئے جامرس نصب کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ موبائیل جامرس کے استعمال پر تجربہ جاری ہے۔ پہلا تجربہ مؤثر ثابت نہیں ہوسکا چنانچہ دوسرے تجربہ کی تیاری کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ چرلہ پلی جیل میں اِس ماہ قیدیوں کے قبضہ سے 20 سے زائد سیل فونس اور سم کارڈس ضبط کئے گئے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ محکمہ محابس کی جانب سے ریاستی تلنگانہ کی تمام 11 جیلوں اور 10 عدالتوں کو ویڈیو کانفرنسنگ سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ قیدیوں کو جیل میں ہی رکھتے ہوئے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت میں پیش کیا جاسکے جس سے وقت اور پیسے کی بچت ہوگی۔ علاوہ ازیں قیدیوں کو عدالتوں تک لانے اور لیجانے کے دوران لاحق سکیورٹی خطرات بھی ختم ہوجائیں گے۔